افغانستان سے دہشت گردوں کو لاکر بسانے کا فیصلہ سنگین غلطی تھی: وزیراعظم

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ افغانستان سے دہشت گردوں کو لاکر بسانے کا فیصلہ فاش غلطی۔ ملک میں دہشت گردی بڑھنے کی وجہ یہی ہے۔ سب جانتے ہیں سوات سے سینکڑوں دہشتگردوں کو کس نے رہا کیا، دشمنوں کے ساتھ آواز ملاکر پاکستان کیخلاف زہر اگلا جاتا ہے۔

قومی ورکشاپ میں خیبرپختونخوا کے شرکا سے خطاب وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دیں، خیبرپختونخوا پاکستان کا ایک انتہائی اہم اور سٹرٹیجک صوبہ ہے، قومی سلامتی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ریاست دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 1018 میں دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کردیا گیا تھا، دہشت گردی کیخلاف آپریشن اجتماعی فیصلہ تھا، کیا وجہ ہے کہ دہشت گردی نے دوبارہ سر اٹھایا، سوات سے سینکڑوں دہشت گردوں کو کس نے رہا کیا؟ افغانستان سے ہزاروں لوگوں کو لاکر پاکستان میں کس نے بسایا؟ افغانستان سے لوگوں کو لاکر بسانا فاش غلطی تھی، خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کا قیام ناگزیر ہوچکا۔ بہت اجلاس ہوئے لیکن افغان طالبان نے کوئی بات نہیں مانی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ترقی کرتا ہے اور باقی صوبے نہیں کرتے تو یہ پاکستان کی ترقی نہیں، خیبرپختونخوا میں جو ترقی ہونی چاہیے تھی وہ نظر نہیں آتی، وفاق اور کے پی میں سرد جنگ کی بات حقیقت نہیں۔ معاشی ترقی کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت نے پاکستان کیخلاف جارحیت کی، پاکستان نے اپنے دفاع میں جوابی کارروائی کی، پاکستان نے بھارت کے 7 جہاز گرائے، افواج پاکستان نے دشمن کو وہ سبق سکھایا جو قیامت تک یاد رکھے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ عوام اور سکیورٹی فورسز نے ملک کے امن اور سلامتی کیلئے تاریخی کردار ادا کیا، داخلی وخارجی سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی جارہی ہے، حکومت سکیورٹی کے تمام اداروں کے درمیان موثر ہم آہنگی کے ساتھ کام کررہی ہے، ریاست دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔