سانحہ گل پلازہ، مراد علی شاہ استعفیٰ دیں:نعیم الرحمن، ”جینے دو کراچی مارچ“ کا اعلان

کراچی (بیورو رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس میں سانحہ گل پلازہ ، شہر کی ابتر حالت اور اہل کراچی کے سنگین مسائل کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے اعلان کیا بہت جلد شہر میں ایک بڑا اور تاریخی ”جینے دو کراچی مارچ“ منعقد کیا جائے گا، جماعت اسلامی اور وہ خود اس شہر کو لاوارث اور عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ، وہ خود گلی گلی اور محلوں میں جا کر عوام کی قوت کو جمع کریں گے ، کراچی میں کبھی ہمارے بچے گٹروں میں گر کر مررہے ہیں ، ہیوی ٹریفک کے نیچے کچلے جارہے ہیں، کبھی بارشوں میں بہہ جاتے ہیں ، آگ لگتی ہے تو کوئی ریسکیو کرنے والا نہیں ہوتا، سندھ حکومت مکمل طور پر ناکام اور نا اہل ثابت ہوئی ہے ،سانحہ گل پلازہ سے پیپلز پارٹی بری طرح ایکسپوز ہوگئی ہے ،سندھ حکومت متاثرین کو ایک ایک کروڑ روپے دے کر جان نہیں چھڑا سکتی ، فائر بریگیڈ براہ راست کے ایم سی کے ماتحت ہے ،قابض میئر سے سوال تو بنتا ہے آپ ایم یوسی ٹی میں شامل جوفائر ٹیکس وصول کرتے ہیں وہ کہاں جاتا ہے ؟ عملے کو وردیاں ،کٹس اور دیگر ضروریات کی چیزیں کیوں نہیں فراہم کی جاتیں ؟اگر وفاق میں بی بی ،ان کے بابا اور چچا شادی سے فارغ ہوگئے ہوں تو اس شہر کو آکر دیکھ لیں کہ اس شہر کی کیا حالت ہوگئی ہے ،یہ شہر پورے ملک کی معیشت چلاتا ہے ، لیکن انہیں اس کی کوئی فکر نہیں ہے ، پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے کہاں ہے ، پاکستان کے عوام کے فنڈز سے یہ ادارے چلتے ہیں، کوئی ہیلی کاپٹر سروس موجود نہیں تھی ، کوئی تربیت یافتہ عملہ موجود نہیں تھا ،الخدمت ،سیلانی ،چھیپا ، ایدھی اور دیگر این جی اوز اور عوام اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کام کررہے تھے ، کوئی پانی پلارہا ہے ،کوئی لائٹ لگارہا ہے ، کوئی لوگوں کو ریسکیو کررہا ہے،جو کام ریاست کے کرنے کا ہے وہ عوام خود کررہے ہیں ، امیر جماعت اسلامی نے کہا سندھ حکومت ہوش کے ناخن لے اور شہر کے مسائل حل کرے،بلاول بھٹو پورے دنیا کے سفارتکاروں اور تاجروں کو بلاکر ڈھائی گھنٹے کی پریزینٹیشن تودے رہے ہیں لیکن اہل کراچی کوجینے تک کے حقوق نہیں دیے جارہے ، کے فور منصوبہ پندرہ سال سے تاخیر کا شکار ہے، کے تھری منصوبہ ،کراچی سرکلر ریلوے ، ماس ٹرانزٹ پروگرام کوئی بھی منصوبہ مکمل ہونے کا نام نہیں لے رہا ۔