ناکام پالیسی بدلنے کا مطالبہ کریں تو دہشتگردوں کا حامی کہا جاتا ہے، آفریدی

تیرہ:(مشرق نیوز)وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہا ہے ناکام پالیسی کی تبدیلی کا مطالبہ کریں تو دہشتگردوں کا حامی کہا جاتا ہے،22 بڑے اور 14 ہزار چھوٹے آپریشنز کے بعد اب کیا ضمانت ہے امن قائم ہو سکے گا۔

سہیل آفریدی نے تیرہ متاثرین سے ملاقات کے موقع پر کہاعوام کےساتھ سلوک ناقابل قبول ، بار بار ناکامی کے باوجود بند کمروں کے فیصلوں سے باز نہیں آرہے ، مشاورت کی بات کریں تو الزام لگایا جاتا ہے سمگلروں سے تعلق ،پالیسیوں کی مخالفت کے باعث میں اور قوم نشانہ ہے،میری حکومت نے پہلے دن سے امن کےلئے آواز بلنداٹھائی۔

وزیراعلیٰ کے پی نے کہا ناکام پالیسی کا حصہ نہیں بنیں گے،مرتے دم تک پہاڑ کی طرح عوام کےساتھ کھڑا رہوں گا، زور زبردستی ،بدمعاشی کے ذریعے آپریشن شروع کرکے عوام کو دکھ ، تکلیف میں جھونک کر بے سہارا چھوڑ دیا گیا،متاثرہ عوام کا تحفظ اور عزت اب میری براہ راست ذمہ داری ہے، تیرہ متاثرین کے مسائل میں کسی بھی قسم کی غفلت ناقابل برداشت ہوگی،جگہ جگہ لوگوں کو روکنے اور قطاروں میں تذلیل کرانے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائےگا۔

سہیل آفریدی نے کہا رجسٹریشن کا عمل تیز کرنے کےلئے نادرا کے مزید دفاتر ہنگامی بنیادوں پر قائم کیے جائیں، عوام سے وعدہ ہے بندوق کو قلم سے بدلیں گے، مستقل و پائیدار امن کےلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے متفقہ پالیسی ہی واحد حل ہے۔