لاہور:(وقائع نگار)وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے پنجاب حکومت کی کارکردگی محض دعووں تک محدود نہیں ،مثبت نتائج گراﺅنڈ پر واضح طور پر نظر آ رہے ہیں،مریم نواز کی کارکردگی کا اصل معیار منصوبوں میں شفافیت اور عوامی فائدہ ہے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہاپنجاب بھرمیں عوام کوعلاج معالجے کی بہتر و معیاری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،رواںماہ نوازشریف کینسرہسپتال کی اوپی ڈی ، سرگودھا میں جدید کارڈیالوجی ہسپتال کا افتتاح بھی جلد ہوگا،آدھا تیتر ،آدھا بٹیر کی سیاست کرنےوالے دراصل سیاسی بونے ہیں، اوڑھنا بچھونا احتجاج، انتشار اور فساد ہے،انتشاری عناصر سے عوام کسی قسم کے ریلیف کی توقع نہ رکھیں،سیاست خدمت کا نام ہے نہ کہ ہر مہینے سڑکوں پر سرکس لگانے کا۔
وزیر اطلاعات نے سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی، فیلڈ ہسپتالوں کا قیام ،کلینک آن ویلز جیسے منصوبے شعبہ صحت میں انقلابی اقدامات ہیں،وزیراعلیٰ تمام منصوبوں ،پروگرامز کی خود براہ راست نگرانی کر رہی ہیں،مریم نوازعوام کو دئیے جانےوالے ریلیف میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرتیں۔
آدھا تیتر ،آدھا بٹیر کی سیاست کرنےوالے سیاسی بونے ،اوڑھنا بچھونا فساد ہے،عظمیٰ بخاری

















