ڈائیلاگ ہی واحد حل ، زرداری، نواز ،شہباز کے پاس جائینگے، فوادچودھری


لاہور:(وقا ئع نگار)سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے پاکستان کےلئے ڈائیلاگ ہی واحد حل، زرداری، نواز ،شہباز کے پاس جائیں گے۔

صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے فواد چودھری نے کہا لاہور بار ایشیا کی سب سے بڑی بار ،ہر سال وکلا کے انتخابات ہوتے ہیں جو جمہوری طریقہ کار ہے، وکلا ہمیشہ قانون کی سربلندی کےلئے کوشاں رہتے ہیں جس طرح دنیا کے دیگر ممالک میں انتخابات ہوتے ہیں اسی طرح پاکستان میں بھی انتخابات ہونے چاہئیں، پیپلز پارٹی نے گزشتہ روز سندھ میں تحریک انصاف کو ویلکم کیا جس سے اچھا تاثر گیا، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو بھی سندھ حکومت کی جانب سے ویلکم کیا گیا، بلاول بھٹو کی سیاست میں ذوالفقار علی بھٹو کی سیاست کی جھلک نظر آئی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈائیلاگ ہونا چاہیے کیونکہ پاکستان کو آگے بڑھانے کےلئے مذاکرات ہی واحد حل ہیں، آصف زرداری، نواز، شہباز شریف کے پاس جائیں گے ، تمام جماعتوں کے مل بیٹھنے سے معاملات ٹھیک ہوں گے، جو سزا یافتہ خواتین ابھی سرنڈر نہیں کر سکیں، ان کی سزائیں سسپینڈ کی جانی چاہئیں،خیبرپختونخوا کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا صوبے میں دہشت گردی کے حوالے سے پی ٹی آئی کو بہتر علم ہے کہ کیا ہو رہا کیونکہ پی ٹی آئی تیسری مرتبہ وہاں سے منتخب ہوئی ، کے پی کے کو کس طرح ٹھیک کرنا ہے یہ بات تحریک انصاف سے بہتر کوئی نہیں جانتا۔