محکمہ زراعت کو غذائی ہدف حاصل کرنے میں مسائل کا سامنا

لاہور(اپنے نمائندے سے)پنجاب میں دالوں کی پیداوار میں مسلسل کمی اور اس کے نتیجے میں غذائی تحفظ کو لاحق خدشات کے پیش نظر محکمہ تحفظ خوراک پنجاب اور صوبائی حکومت نے متعدد اقدامات کئے ہیں جبکہ سال 2025-26ءکے صوبائی بجٹ میں زرعی شعبے کیلئے تقریباً 80 ارب روپے مختص ، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی۔محکمہ زراعت پنجاب کا غذائی ہدف حاصل کرنے میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس حوالے سے صوبہ بھر میں دالوں کی پیداوار کا سب سے بڑا حصہ فراہم کرتا ہے، وہاں گزشتہ چند برسوں کے دوران چنا، مسور، مونگ اور ماش جیسی دالوں کی کاشت میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کمی کی بڑی وجوہات میں کسانوں کا زیادہ منافع بخش فصلوں کی طرف رجحان، دالوں کیلئے مناسب سرکاری قیمت کا فقدان ہے۔ موسمیاتی تبدیلیاں اور جدید زرعی سہولیات تک محدود رسائی شامل ہیں۔ دالوں کی پیداوار میں کمی کے باعث صوبے میں دالوں کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جس سے عام صارفین متاثر ہورہا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر محکمہ تحفظ خوراک پنجاب نے صوبے بھر میں دالوں کی دستیابی اور قیمتوں کی نگرانی سخت کر دی ہے۔ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو مناسب نرخوں پر دالیں فراہم کی جا سکیں۔ اسکے علاوہ سپلائی چین کو بہتر بنانے اور فصل کے بعد ہونے والے نقصانات کو کم کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں صوبائی حکومت کی جانب سے دالوں سمیت مجموعی زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے سال 2025-26ءکے بجٹ میں زراعت کے شعبے کیلئے تقریباً 80 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ اس رقم سے مختلف زرعی ترقیاتی منصوبوں، کسانوں کی معاونت اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر خرچ کیا جائے گا بجٹ میں گرین ٹریکٹر اسکیم، زرعی مشینری کی فراہمی، بہتر بیجوں کی تیاری، آبپاشی کے جدید نظام اور کسانوں کیلئے آسان قرضوں جیسی اسکیمیں شامل ہیں ان اقدامات سے کسانوں کی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی اور دالوں جیسی کم توجہ پانے والی فصلوں کی کاشت کو فروغ ملے گا۔ محکمہ تحفظ خوراک پنجاب نے زرعی تحقیق کے اداروں کے ساتھ مل کر دالوں کی بہتر اور بیماریوں سے محفوظ اقسام متعارف کرانے کیلئے بھی اقدامات شروع کیے ہیں اس کے ساتھ ساتھ زرعی توسیعی خدمات کو فعال کیا جا رہا ہے تاکہ کسانوں کو کھیت کی سطح پر رہنمائی فراہم کی جا سکے اور جدید کاشتکاری کے طریقے اپنانے میں مدد ملے ذرائع کا کہنا ہے کہ دالوں کی پیداوار میں پائیدار اضافہ کیلئے مخصوص پالیسیاں، امدادی قیمتوں کا تعین اور خریداری کا مو¿ثر نظام ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق دالوں کے شعبے پر خصوصی توجہ دیے بغیر غذائی تحفظ کے اہداف حاصل کرنا مشکل ہو گا صدر پرچوں کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن عارف گجر کا کہنا ہے کہ ملک میں استعمال ہونے والی تقریباً 80 فیصد دالیں درآمد کی جاتی ہیں، اس کے باوجود مارکیٹ میں کسی قسم کی قلت نہیں ہے اور نہ ہی دالوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق حالیہ ہڑتال کے حوالے سے صرف بیان جاری کیا گیا تھا، عملی طور پر سپلائی چین متاثر نہیں ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف اقسام کی دالیں مختلف ممالک سے درآمد کی جاتی ہیں، جن میں مسور اور مٹر کینیڈا اور آسٹریلیا سے، چنا آسٹریلیا، روس، تنزانیا، ارجنٹینا اور امریکہ سے، ماش زیادہ تر میانمار، افغانستان اور تھائی لینڈ سے جبکہ مونگ افغانستان اور چند دیگر ہمسایہ ممالک سے درآمد کی جاتی ہے۔ عارف گجر کے مطابق درآمدی دالوں کی بروقت آمد کے باعث مارکیٹ میں وافر مقدار میں اسٹاک موجود ہے اور صارفین کو کسی پریشانی کا سامنا نہیں، جبکہ قیمتیں بھی مستحکم ہیں۔