لاہور(انٹرویو: نوید چودھری) سیکرٹری پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نذیر نے روزنامہ ”مشرق“ کو انٹرویو دیتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا کہ پنجاب بھر میں بلدیاتی اداروں کے نظم و نسق، نگرانی اور احتساب کے حوالے سے لوکل گورنمنٹ بورڈ ایک مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بطور سیکرٹری بورڈ ان کی اوّلین ذمہ داری بورڈ کے فیصلوں پر بروقت اور موثر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔ رضوان نذیر نے بتایا کہ لوکل گورنمنٹ بورڈ کے اجلاسوں میں ہونے والے فیصلوں اور ہدایات کو میونسپل کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیوں، ٹاون کمیٹیوں اور یونین کونسلوں تک پہنچانا اور ان پر عملدرآمد کروانا سیکرٹری بورڈ کی ذمہ داری ہے۔ انتظامی نگرانی کے ذریعے یہ دیکھا جاتا ہے کہ بلدیاتی ادارے اپنے اختیارات قانون اور قواعد کے مطابق استعمال کر رہے ہیں یا نہیں۔ اداروں میں بے ضابطگیوں، اختیارات کے غلط استعمال اور بدانتظامی کی صورت میں محکمانہ کارروائی کا آغاز لوکل گورنمنٹ بورڈ کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ ملازمین اور افسران کے خلاف انکوائریوں کی منظوری، انکوائری افسران کی تقرری اور شوکاز نوٹسوں کا اجرا بھی بورڈ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے جبکہ ثابت ہونے والے الزامات کی صورت میں معطلی، جرمانے یا دیگر سزاوں کی سفارش کی جاتی ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ نے سروس معاملات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تقرری، ترقی، تبادلہ اور سینیارٹی سے متعلق امور کو لوکل گورنمنٹ قوانین اور رولز آف بزنس کے مطابق نمٹایا جاتا ہے۔ ملازمین کی اپیلیں اور نظرثانی درخواستیں بھی بورڈ میں زیر غور لائی جاتی ہیں تاکہ شفاف اور منصفانہ فیصلے ممکن ہو سکیں۔ پالیسی سازی کے حوالے سے رضوان نذیر نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ سسٹم کو موثر بنانے کیلئے قوانین، قواعد اور ایس او پیز میں بہتری کی تجاویز مرتب کی جاتی ہیں۔ نظام کو زمینی حقائق سے ہم آہنگ کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ مالی امور پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اگرچہ بجٹ کی حتمی منظوری متعلقہ فورمز دیتے ہیں تاہم لوکل گورنمنٹ اداروں میں فنڈز کے استعمال، آڈٹ اعتراضات اور مالی بے ضابطگیوں پر نظر رکھنا لوکل گورنمنٹ بورڈ کی ذمہ داری ہے اور اس حوالے سے متعلقہ حکام کو سفارشات ارسال کی جاتی ہیں۔ انٹرویو کے اختتام پر سیکرٹری پنجاب لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نذیر نے کہا کہ مضبوط لوکل گورنمنٹ سسٹم کے بغیر گڈ گورننس ممکن نہیں، اسی لئے بورڈ احتساب، شفافیت اور ادارہ جاتی اصلاحات کو اپنی ترجیح بنائے ہوئے ہے تاکہ عوامی اعتماد بحال ہو اور شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔
مضبوط لوکل گورنمنٹ سسٹم کے بغیر گڈ گورننس ممکن نہیں: رضوان نذیر

















