ریاست کمزور کےلئے ماں جیسی ،حکومت ہر طبقے کو ساتھ لےکر چل رہی ہے ،مریم نواز

لاہور: (وقائع نگار)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عالمی یومِ انسانی یکجہتی پراپنے پیغام میں کہا ہے انسانی یکجہتی وہاں سے شروع ہوتی جہاں ریاست کمزور کو اکیلا چھوڑنے سے انکار کر دے،قومیں نعروں نہیں انسانی یکجہتی و کمزور کےساتھ کھڑے ہونے سے پہچانی جاتی ہیںجس معاشرے میں ایک فرد بھی تنہا رہ جائے،وہاں ترقی و یکجہتی ادھوری رہتی ہے۔

مریم نواز نے کہا ریاست ہر کمزور کےلئے ماں جیسی،پنجاب حکومت ہر طبقے کو ساتھ لےکر چل رہی ،برسوں بعد بہترین پالیسیوں سے ریاست و عوام کے درمیان یکجہتی،اعتماد اور ہمدردی کا رشتہ مضبوط ہو رہا ہے،پنجاب میں جن کے پاس اپنے گھر نہیں ان کو گھر مل رہے جو محفوظ نہیں وہ محفوظ بنائے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا تعلیم،صحت، سماجی تحفظ و عوامی فلاح کے منصوبے انسانی یکجہتی کے عملی مظاہرے ہیں،پنجاب حکومت کی تمام پالیسیوں ،ہر پراجیکٹ کا مرکز انسان،خدمت کو سیاست نہیں، ذمہ داری سمجھا جا رہا جو احترام، یکجہتی و محبت کو فروغ دے رہی ہے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسزکے کیمپ پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے راہ حق میں جام شہادت نوش کرنےوالے جوانوں کوخراج عقیدت پیش کیا۔