پنجاب کو سموگ فری بنانا ہدف،ٹرانسپورٹ شعبے کے مسائل حل کرینگے،مریم اورنگزیب

لاہور:( سٹاف رپورٹر)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے وزیراعظم شہباز شریف ،وزیراعلیٰ مریم نواز کی رہنمائی اور ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز کے تعاون سے ٹرانسپورٹ کی ملک گیر ہڑتال ختم ہوگئی ۔

ایکس پر اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا ٹرانسپورٹرز سمیت مذاکرات میں شریک تمام شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی کوششوں سے مسئلہ خوش اسلوبی سے حل ہوا،گڈز، منی مزدا، پبلک ٹرانسپورٹ ،سٹاف ڈیوٹی وہیکل کمیٹیوں کے ذریعے ٹرانسپورٹ شعبے کو درپیش تمام مسائل کا مستقل حل نکالا جائے گا، حکومت، ٹرانسپورٹرز ،متعلقہ فریقین ملکر شعبے کو جدید، عالمی معیار ،عوامی خدمت کی مثال صنعت بنائیں گے۔

دریں اثنا اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکے موثر، مربوط و بروقت سموگ ایکشن پلان کے مثبت نتائج واضح ہونا شروع ہو گئے،مقامی آلودگی کو بڑی حد تک قابو کر لیا،قدرتی و موسمی عوامل کے باوجود ہوا کے معیار میں بہتری حکومتی اقدامات کی کامیابی کا ثبوت ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا صنعتی اخراج، ٹرانسپورٹ ،تعمیراتی سرگرمیوں کی سخت نگرانی کے باعث آلودگی میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی،فصلوں کی باقیات جلانے پر زیرو ٹالرنس پالیسی نے بھی مثبت نتائج دینا شروع کر دئیے ، بیجنگ طرز پر پنجاب کو سموگ فری بنانا ہدف ہے۔