طلال چودھری نے بھائی کےلئے اثر ورسوخ استعمال کیا،الیکشن کمیشن


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)الیکشن کمیشن نے کہاہے طلال چودھری نے بھائی کےلئے اثر ورسوخ استعمال کیا۔

ضمنی انتخابات کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس پر سماعت چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت 5رکنی بنچ نے کی،سپیشل سیکرٹری ظفر اقبال نے کہا 10 نومبرکو ملنے والی شکایات ڈی ایم اوکو شیئرکیں، وزیرمملکت طلال چودھری نے اپنے بھائی کیلئے اثرورسوخ استعمال کیا، الیکشن مہم چلائی ،کارنر میٹنگز کیں،چیف الیکشن کمشنر نے کہا ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر کون تھا؟ سپیشل سیکرٹری نے کہا مرتضیٰ ملک ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیں۔

چیف الیکشن کمشنرنے سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سرزنش کرتے ہوئے کہاسیکرٹری صاحب آپ سے پڑھا بھی نہیں جارہا،ممبرکمیشن پنجاب نے کہا ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسرنے پہلی شکایت میں کہا آپ کا قصور نہیں ، دوسری میں باز رہنے کا کہا اور تیسری شکایت میں جرمانہ کیا،چیف الیکشن کمشنر نے طلال چودھری کے وکیل کو ٹرانسکرپٹ فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزیدسماعت 8 جنوری تک ملتوی کردی۔

دریں اثنا پی پی 116 میں انتخابی ضابطہ اخلاق خلاف ورزی کیس میں ن لیگ کے رہنما عابد شیر علی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے،چیف الیکشن کمشنر نے عابد شیر علی کو بولنے سے روکتے ہوئے کہاووٹ کی سیکریسی کو مجروح کیا گیا،سب کے سامنے بیلٹ پیپر پر مہر لگانا اورویڈیو بنانا جرم ہے۔