ستھرا پنجاب کے بعد ” ستھرا پاکستان“مہم شروع ہوگئی،عظمیٰ بخاری
لاہور: (اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے ستھرا پنجاب کے بعد ستھرا پاکستان مہم شروع،احتساب کے عمل کو موثر بنایا جا رہا ہے،ادارے نے اپنے ملازم کو سزا دے کر مثال قائم کردی اب دیگر اداروں کو بھی اسی جذبے کےساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔
پریس کانفرنس میں عظمیٰ بخاری نے کہا وزیراعلیٰ مریم نواز کی عوامی خدمت پر مبنی پالیسیوں ،عملی اقدامات کی آواز عالمی سطح پر سنی جا رہی ہے،ماضی میں یورپ ،برطانیہ کی مثالیں دی جاتی تھیں مگر آج دنیا کا پنجاب کے ترقیاتی ماڈل و شفاف گورننس کی مثالیں دینا پنجاب ، پاکستان دونوں کےلئے باعث فخر ہے،ملک کو درپیش دہشتگردی کی نئی لہر کےخلاف پاک فوج ،تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے بھرپور عزم کے ساتھ برسرپیکار ہیں ،دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جا رہا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا آرمی پبلک سکول کے شہداکی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں،پنجاب میں امتحانی نظام تمام صوبوں سے بہتر،سنٹر نہیں بکتا،وزیراعلیٰ نے گورننس، شفافیت و میرٹ کا نیا ماڈل متعارف کرایا، برمنگھم میں حکومت مریم نوازکاگورننس ماڈل لاگو کرنا چاہتی ہے، پنجاب نے گندم کی پیداوار میں نیا ریکارڈ بنایا،ٹارگٹ پورا کیا، پنجاب میں صرف کام نہیں بلکہ معجزات ہورہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب نے راولپنڈی میں دوسرے آئی ٹی سٹی کے قیام کی منظوری دےدی، جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے تحت بین الاقوامی معیار کی سمارٹ ٹریفک لائٹس نصب کی جائیں گی ،پیدل چلنے والوں کےلئے خصوصی بٹن سسٹم بھی شامل ہوگا، ماضی میں بوئے گئے غلط بیج سے تیار ہونے والی زہریلی فصل کے منفی نتائج پاکستان اب تک بھگت رہا ہے دیگر اداروں کو بھی احتساب کا آغاز کرنا ہوگا۔

















