لاہور(مرزا ندیم بیگ )سول ڈیفنس ملک کی وہ اہم ادارہ جاتی قوت ہے جس کا بنیادی کام عوام کو کسی بھی ہنگامی صورتحال، قدرتی آفات، شہری دفاعی تقاضوں، جنگی حالات، آگ بجھاو سرگرمیوں، ریسکیو ٹریننگ اور ہنگامی ردِعمل کے نظام میں تربیت دینا ہے تاہم گزشتہ کئی برسوں سے اس اہم محکمے کو بجٹ میں کمی، جدید ساز و سامان کی عدم دستیابی، افرادی قوت کی قلت، تربیتی ڈھانچے کی زبوں حالی اور عوامی آگاہی کے فقدان جیسے مسلسل مسائل کا سامنا رہا ہے۔ ملک کے کئی اضلاع میں سول ڈیفنس دفاتر ناکافی سہولیات، پرانی مشینری اور خستہ حال عمارتوں کے باعث اپنے کردار کے مطابق خدمات انجام دینے سے قاصر رہے ہیں۔محکمے کے سابق اہلکاروں اور ماہرین کے مطابق سول ڈیفنس جیسے اہم یونٹ کا کمزور ہونا نہ صرف شہریوں کی جان و مال کیلئے خطرہ ہے بلکہ ہنگامی حالات میں ریاستی ردِعمل کے مجموعی نظام کو بھی شدید متاثر کرتا ہے۔ کئی بڑے حادثات جیسے شہری آبادی میں آتشزدگی، صنعتی زونز کے دھماکے، بارشوں کے دوران شہریوں کے پھنس جانے کے واقعات اور حادثاتی صورتحال ایسی مثالیں ہیں جہاں سول ڈیفنس کی کمی واضح طور پر محسوس ہوتی رہی تاہم حالیہ برسوں میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے اس اہم محکمے کی اپ گریڈیشن کیلئے متعدد اقدامات متعارف کرائے ہیں۔ حکومتی پالیسی کے مطابق سول ڈیفنس کو جدید خطوط پر استوار کرنا، اس کی تکنیکی استعداد بڑھانا، نئے آلات کی خریداری، عالمی معیار کی ٹریننگ سسٹم لانا اور نوجوانوں کو رضاکارانہ خدمات کی طرف راغب کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے اہم اقدامات میں سب سے نمایاں میٹرننگ اینڈ ٹریننگ پروگراموں کی بحالی ہے۔ مختلف شہروں میں ریسکیو اور سول ڈیفنس کے مشترکہ تربیتی مراکز کو فعال بنایا جا رہا ہے جہاں شہریوں کو ابتدائی طبی امداد، فائر فائیٹنگ، ہنگامی انخلا، بم ڈسپوزل آگاہی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی جدید تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ فیلڈ سٹاف کو جدید حفاظتی آلات، فائر سوٹس، سانس لینے والے ماسک، ریسکیو کٹس اور کمیونیکیشن ڈیوائسز فراہم کیے جا رہے ہیں۔حکومتی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سول ڈیفنس کی اپ گریڈیشن کے نتائج بھی سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ شہری علاقوں میں آگ بجھانے اور ہنگامی کارروائی کے وقت میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ تربیت یافتہ رضاکاروں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ سکولز، کالجز، مارکیٹس اور صنعتی زونز میں حفاظتی اقدامات کے حوالے سے آگاہی مہمات نے مثبت نتائج دینا شروع کئے ہیں۔ مزید یہ کہ جدید ڈیزاسٹر مینجمنٹ یونٹوں کے قیام سے سیلاب، بارشوں اور دیگر قدرتی آفات کے دوران سول ڈیفنس اہلکار پہلے سے بہتر کارکردگی دکھا رہے ہیں۔سول ڈیفنس ماہرین کے مطابق اگر حکومت اسی رفتار سے اس محکمے کی بہتری پر توجہ جاری رکھے، بجٹ میں مزید اضافہ کرے، نوجوانوں کو رضاکارانہ خدمات کی جانب مائل کرے اور مقامی سطح پر ٹریننگ مراکز فعال رکھے تو آنے والے برسوں میں یہ یونٹ ملک میں کسی بھی بڑے ہنگامی صورتحال کے دوران ریڑھ کی ہڈی جیسے کردار ادا کر سکتا ہے۔ شہری تحفظ اور آفات سے نمٹنے کا نظام اسی وقت مضبوط ہوگا جب سول ڈیفنس کے ادارے کو جدید تقاضوں کے مطابق مکمل طور پر فعال بنا دیا جائے۔
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈپٹی ڈائریکٹر سول ڈیفنس شفقت علی رجوکہ نے سول ڈیفنس کی موجود ہ حالت زار کے حوالے سے ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب ایسا کچھ نہیں ہے گورنمنٹ نے تمام سہولیات دی ہیں جو پہلے کبھی صورتحال ہوتی تھی اب نہیں بہت بہتری آئی ہے، جدید سازوسامان مل بھی چکا ہے۔ مزید آئی ٹی ٹیکنالوجی بھی آ رہی ہے دیگر کئی احکامات ہو چکے ہیں ،ڈپٹی ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ہوم سیکرٹری کا اس میں بڑا اہم رول ہے انہوں نے مشکل وقت میں نہ صرف ہاتھ تھاما بلکہ جدید سہولیات دلوانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا موجودہ ویلنٹیئر کے بارے میں کہنا تھا کہ دو لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔
محکمہ سول ڈیفنس متعدد مسائل کا شکار، عوامی خدمات کی ادائیگی سے قاصر


















