پٹرولیم مصنوعات میں2.56روپے لٹر تک اضافہ متوقع

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) بیرون ملک سے گاڑیوں کی درآمد کے طریقہ کار میں تبدیلیاں،ڈیلرز و آئل مارکیٹنگ کمپنیوںکے مارجن میں اضافہ،اقتصادی رابطہ کمیٹی نے عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کی منظوری دےدی۔

وزیر خزانہ اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے،مارجن بڑھنے سے پٹرول،ڈیزل2.56روپے لٹر مہنگا ،1.28روپے لٹر کااضافی بوجھ فوری منتقل ہوگا، اعلامیے کے مطابق پٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز ، او ایم سیز مارجن میں 5 سے 10 فیصد کے درمیان اضافہ منظور کیا گیا، آدھا اضافہ فوری، آدھا ڈیجیٹلائزیشن سے مشروط ہوگا، پٹرولیم ڈویژن یکم جون 2026 تک رپورٹ دےگا۔

ای سی سی نے سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان کا تفصیلی جائزہ لیا، پاور سیکٹر کی مالی پائیداری یقینی بنانے پر غور کیا گیا اور پاور ڈویژن کو وسط مدتی پلان تیار کرنے کی ہدایت کردی گئی،علاوہ ازیں ای سی سی نے ٹرانسفر آف ریذیڈنس ،گفٹ سکیم برقرار رکھنے کی منظوری دی۔

درآمدی گاڑیوں پر کمرشل معیار حفاظت و ماحولیات کا اطلاق ہوگا، درآمدی گاڑیوں کی مدت2 سے بڑھا کر 3 سال کر دی گئی،درآمد شدہ گاڑیاں ایک سال تک ناقابل منتقلی ہوں گی، کلوروفارم کی درآمد پر سخت پابندیاں منظور کی گئیں،کلوروفارم صرف فارما کمپنیاں ڈی آر اے پی این او سی سے درآمد کر سکیں گی۔

اجلاس میں پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کےلئے ایک ارب 28 کروڑ گرانٹ ،کابینہ ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کےلئے فنڈز ریلیز ،ہاوسنگ اینڈ ورکس ڈویژن کےلئے 5 ارب گرانٹ اورپی اے ایس سی او کی وائنڈنگ اپ کےلئے خصوصی کمپنی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی، خصوصی کمپنی واجبات نمٹانے کے بعد تحلیل کر دی جائےگی،ای سی سی نے شیشے بنانے والی کمپنی کی رعایتی گیس نرخ کی درخواست مسترد کر دی ۔