انتظامی نااہلی، بارشی پانی ذخیرہ کرنے کے منصوبے کی دوبارہ مسماری، کروڑوں ضائع

لاہور (شوکت مروت) لاہور ریلوے سٹیشن کے سامنے پارک میں بارشی پانی ذخیرہ کرنے کے حالیہ منصوبے کو چند دن بعد ہی دوبارہ توڑنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے جس سے کروڑوں روپے مالیت کے عوامی فنڈز ضائع ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ مذکورہ پارک کے نیچے زیر زمین تالاب اور اس کے گرد نکاسی آب کیلئے نالہ صوبائی محکموں نے چند دن قبل مکمل کیا تھا مگر اب اسے نئی سڑک کشادگی اور پارکنگ منصوبے کے تحت اکھاڑا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ نکاسی آب کا نظام تقریباً مکمل اور فعال ہونے کے قریب تھا کہ اچانک پنجاب حکومت نے ریلوے سٹیشن کے اطراف ٹریفک مینجمنٹ، پارکنگ اور سڑکوں کی توسیع کا نیا منصوبہ منظور کر لیا۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے اس منصوبے کے بینرز پارک میں آویزاں کر دئیے گئے ہیں جبکہ پارک کے متعدد حصوں میں توڑ پھوڑ کا کام تیزی سے جاری ہے۔ شہریوں نے اس صورتحال پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت اور متعلقہ اداروں کے پاس ریلوے سٹیشن کے اطراف کی توسیعی منصوبہ بندی پہلے سے موجود تھی تو پھر کروڑوں روپے کا نالہ اور زیر زمین تالاب کیوں تعمیر کیا گیا؟ شہریوں کے مطابق ایسے فیصلے واضح طور پر حکومتی نااہلی، کمزور منصوبہ بندی اور سرکاری وسائل کے بے دریغ ضیاع کا ثبوت ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ منصوبہ بندی میں یہ سنگین تضادات لاہور کے ترقیاتی اداروں میں مکمل ہم آہنگی کے فقدان کو ظاہر کرتے ہیں۔ متعدد بار ایسا دیکھا گیا ہے کہ ایک محکمہ سڑک بناتا ہے اور چند ہفتوں بعد دوسرا محکمہ اسی سڑک کو کھود کر اپنی لائنیں بچھانے لگ جاتا ہے۔ اسی طرز کی بے نظمی اب ریلوے سٹیشن کے سامنے پارک میں بھی سامنے آ گئی ہے۔ عوامی حلقوں نے دعویٰ کیا ہے کہ بارشی پانی کیلئے تعمیر کئے گئے نالے پر کروڑوں روپے خرچ کئے گئے تھے مگر موجودہ کارروائی سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ رقم بغیر کسی ٹھوس منصوبہ بندی کے خرچ کی گئی۔ شہریوں نے ایل ڈی اے، پی ایچ اے اور میونسپل کارپوریشن لاہور کو اس صورتحال کا براہ راست ذمہ دار قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق تینوں اداروں نے بغیر مستقبل کو سامنے رکھے غیر مربوط فیصلے کئے جس سے عوام کے ٹیکس کے پیسے کی شدید بربادی ہوئی۔ عوامی نمائندوں کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ معمولی نہیں بلکہ ایک بڑے انتظامی بحران کی علامت ہے۔ ان کے مطابق کروڑوں روپے کے منصوبے کا چند ماہ بعد ہی دوبارہ زمین بوس ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبائی سطح پر منصوبہ سازی اور عملدرآمد کے نظام میں بنیادی خرابی موجود ہے۔ ماہرین نے کہا کہ اگر اس معاملے کی فوری اور شفاف انکوائری نہ کی گئی تو مستقبل میں بھی اسی نوعیت کے واقعات بار بار سامنے آئیں گے۔ شہریوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ریلوے اسٹیشن کے سامنے پارک میں جاری توڑ پھوڑ کا نوٹس لیا جائے، منصوبے پر خرچ ہونے والے فنڈز کا مکمل آڈٹ کرایا جائے اور ذمہ دار افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ شہریوں کے مطابق لاہور میں بغیر پلاننگ کے منصوبے شروع کرنا اور چند ماہ بعد انہیں دوبارہ کھود دینا اب معمول بن چکا ہے جسے روکنے کیلئے موثر قانونی اور انتظامی اقدامات ناگزیر ہیں۔