عمران پر جنگی جنون سوار،کے پی میں گورنر راج کا سنجیدہ آپشن موجود ہے،عطا تارڑ


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹی فکیشن پر مہم چلانے والے بڑے بڑے سینئر صحافی قوم سے معافی مانگیں،بے بنیاد طوفان برپا کیا گیا، سوشل میڈیا پر مہم چلانے والوں کو بھی شرمندہ ہونا چاہیے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عطاتارڑ نے کہا پاکستان کا دفاع ایک بار پھرمزید مضبوط ہوا ، سٹرکچرل تبدیلیاں کرکے دشمن کوخوفزدہ کردیا ،تمام فورسز کےلئے متحدہ کمانڈ قائم کی گئی،مشرقی ومغربی دونوں سرحدوں کومحفوظ بنا لیا اب دشمن کی جرات نہیں ہوگی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کو ملکی سالمیت کےلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہاعمران خان ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں،پاکستان کو ڈیفالٹ کرانے کیلئے آئی ایم ایف کو خطوط بھی لکھے ،9 مئی کو فوج کی تنصیبات پر حملے کیے گئے جو کام دشمن نہیں کرتا وہ پی ٹی آئی نے کیے،سیاسی مستقبل نظر نہ آنے پر عمران خان ایسا بیانیہ بنا رہے ہیں،پی ٹی آئی اراکین قومی اسمبلی کہتے ہیں بانی نے پھنسا دیا، وہ انتہاپسند و اسامہ بن لادن کو شہید کہتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا بانی پی ٹی آئی طالبان کی سوچ رکھتا ،دہشتگردوں کو اپنا دوست مانتا ،انتہاپسند شخص پر جنگی جنون سوار ہے،اپنی جماعت کے لوگ کتنا برداشت کریں گے؟،خیبرپختونخوا میں گورنر راج کا سنجیدہ آپشن موجود ہے، پی ٹی آئی کے لوگ بانی کے بیانیے کےساتھ نہیں کھڑے۔