لاہور(خبر نگار)لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا فیلڈ سٹاف جسے شہر کی اصل شناخت اور محنت کا ستون سمجھا جاتا ہے، اس وقت شدید مالی استحصال کی زد میں ہے۔ کمپنی کے بزنس ڈویلپمنٹ شعبے میں گزشتہ ماہ کی تنخواہ میں بیجا اور غیر شفاف کٹوتیوں نے ورکرز کو شدید ذہنی اور معاشی دباو میں دھکیل دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شعبہ بزنس ڈویلپمنٹ کے ریونیو سٹاف کے تقریباً 170 ملازمین کی تنخواہوں میں مجموعی طور پر پانچ لاکھ روپے کے قریب کٹوتیاں کی گئی ہیں۔ حیران کن بات یہ ہے کہ یہ کٹوتیاں نہ تو پیشگی اطلاع کے ساتھ کی گئیں اور نہ ہی کسی واضح اصول یا کارکردگی کے معیار کے تحت۔ ورکرز کا موقف ہے کہ وہ پورا ماہ فیلڈ میں سخت محنت کرتے رہے مگر آخر میں انہیں نامعلوم سزائیں دے کر ان کی آمدن پر تلوار چلادی گئی۔ ملازمین کا الزام ہے کہ شعبے کے ذمہ دار افسران کا رویہ انتہائی نامناسب اور تحقیر آمیز ہے، جبکہ انتظامی نااہلی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ ورکرز کو اپنی محنت ثابت کرنے، لوکیشن رپورٹس، وزٹ ڈیٹا کے باوجود بار بار جواب دہ ہونا پڑتا ہے۔ مذکورہ صورتحال ادارے کی انتظامی بدنظمی کو ظاہر کرتی ہے جو خود کو جدید، شفاف اور کارکردگی پر مبنی کمپنی قرار دیتا رہا ہے۔ تنخواہ کٹوتیوں کے خلاف ورکرز نے آوازیں اٹھانا شروع کر دی ہیں، مگر متعلقہ افسروں نے نہ صرف شکایات کو نظرانداز کیا بلکہ ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے سے خوفزدہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ فیلڈ سٹاف کا کہنا ہے کہ یہ کہاں کا اصول ہے محنت ہم کریں اور سزا بھی ہم پر ہی تھوپ دی جائے۔ ورکرز کا موقف ہے کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو نہ صرف ان کی روزی متاثر ہوگی بلکہ شہر کے لیے چلنے والی ریونیو، آگاہی اور فیلڈ مانیٹرنگ کی سرگرمیاں بھی تعطل کا شکار ہو سکتی ہیں۔ لاہور جیسے بڑے شہر میں صفائی اور ریونیو سروسز کی ذمہ داری نبھانے والے ان اہلکاروں کا یہ کہنا بے جا نہیں کہ جس کمپنی کی پہچان ہم ہیں، اسی کمپنی نے ہمیں مالی طور پر غیر محفوظ بنا دیا ہے۔ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ حکام فوری طور پر اس غیر شفاف کٹوتی نظام کا آڈٹ کرائیں، ذمہ دار افسروں کے رویے اور فیصلوں کا جائزہ لیں اور تنخواہوں کی کٹوتیوں کا ازسرِنو حساب کر کے اصل حق ادا کریں۔
تنخواہوں میں بیجا کٹوتیاں، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی فیلڈ سٹاف مالی استحصال کا شکار

















