ترقیاتی کاموں کے دوران حفاظتی اقدامات کا خیال رکھا جائے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کا شہر بھر کا تفصیلی دورہ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، سٹی منیجر پسپ اسجد علی خان، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت کارپوریشن کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے بیری والا چوک، بیرون لاری اڈہ، عارف والا پل سے میکڈونلڈ چوک تک جی ٹی روڈ کا دورہ کیا۔ انہوں نے بیری والا چوک کے دورے کے دوران ٹریفک اور پارکنگ کے مسائل کے حوالے سے دوکانداروں سے بات چیت کی۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ پارکنگ کیلئے مختص جگہ کے علاوہ کہیں پارکنگ نہ کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریڑھی بازاروں اور پارکنگ سٹینڈز کو جلد مختص جگہوں پر قائم کردیا جائے گا تاکہ خریداری کیلئے آنے والوں کیلئے آسانی ہو۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے جنرل بس سٹینڈ کابھی دورہ کیا۔ انہوں نے دوسرے شہروں سے آنے والی گاڑیوں کا بے ہنگم طریقے سے کھڑی ہونے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے میونسپل کارپوریشن افسران کو ڈرائیورز کی ترتیب کرنے اور ان کے ٹائم ٹیبل پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی اور لاری اڈا میں جاری ترقیاتی کام کو بھی جلدمکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اڈہ میں مانیٹرنگ کے لئے لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی چیک کیا۔ انہوں نے کہا کہ اڈہ کے داخلی خارجی راستوں کو کھلا کیا جائے اور جو ٹرانسپورٹرز قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں ان کے خلاف کاروائی کی جائے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے پسپ پروگرام کے تحت جی ٹی روڈ پر جاری سیورج پائپ لائن اور منظور کالونی روڈ پر ڈسپوزل اور عارف روڈ سے میکڈونلڈ چوک تک سڑک کی مرمت کے کام کابھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جاری کام کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل پر قابو پایا جاسکے۔ اس موقع پر پسپ پروگرام کے سٹی اسجد علی خان نے کام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ کام کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ جاری کام کے دوران حفاظتی اقدامات کا خصوصی خیال رکھا جائے اور روڈ کراسنگ کیلئے سائن بورڈ بھی نصب کئے جائیں تاکہ ٹریفک جیسے مسائل کا شہریوں کو سامنا نہ کرنا پڑے۔