بیوروکریسی میں تبادلوں کا سلسلہ جاری، متعدد اہم سینئر افسران بدستور کھڈے لائن

لاہور ( میاں ساجد ) بیوروکریسی کے تبادلوں اور تعیناتیوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے تاہم حیران کن طور پر کئی اہم اور سینئر سرکاری افسران اب بھی کھڈے لائن لگے ہوئے ہیں۔ باصلاحیت، دیانتدار اور تجربہ کار افسران کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے، جبکہ نسبتاً کم تجربہ رکھنے والے مگر سیاسی آشیر باد یافتہ افسران کو کلیدی عہدوں پر بٹھایا جا رہا ہے۔ اس روش نے جہاں بیوروکریسی کے اندر شدید بے چینی کو جنم دیا ہے، وہیں گورننس کے پورے ڈھانچے پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ذرائع کے مطابق متعدد سینئر افسران، جو گزشتہ کئی ماہ سے اہم ذمہ داریاں سنبھالنے کے خواہاں ہیں، اب بھی او ایس ڈی یا غیر فعال عہدوں پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب مخصوص گروپوں اور سیاسی حلقوں سے قریبی تعلق رکھنے والے افسران کو اہم محکموں کی کمان سونپی جا رہی ہے، خواہ ان کا تجربہ محدود ہی کیوں نہ ہو۔ بیوروکریسی کی حق تلفی، اصل مسئلہ کہاں ہے،افسران کا موقف ہے کہ یہ صورتحال صرف تبادلوں تک محدود نہیں بلکہ حق تلفی کی مسلسل شکل ہے۔وہ افسران جو سالہا سال خدمات کا تجربہ، پرفارمنس اور کارکردگی رکھتے ہیں، انہیں ایک غیر تحریری مگر طاقتور ”سیاسی ترجیحاتی نظام“ کے باعث بار بار نظرانداز کیا جاتا ہے۔ میرٹ کی بنیاد پر ترقی اور تعیناتیوں کے بجائے سیاسی پسند و ناپسند کا رجحان بڑھ رہا ہے، جس سے کیرئیر پلاننگ، سروس اسٹرکچر اور پیشہ ورانہ خودمختاری متاثر ہو رہی ہے۔ایک سینئر افسر کے مطابق:اصل مسئلہ یہ ہے کہ ایماندار اور محنتی افسر کیلئے کوئی واضح راستہ نہیں۔ ہر دور میں ترجیحات بدلتی رہتی ہیں، اور ہم اس اتار چڑھاو کا شکار بن جاتے ہیں۔ہر دورِ اقتدار میں ایسا کیوں ہوتا ہے؟یہ رجحان نیا نہیں بلکہ تقریباً ہر حکومت میں دیکھنے کو ملتا ہے۔اس کے چند بنیادی اسباب یہ ہیں:حکومتیں چاہتی ہیں کہ ان کی پالیسی فوری نظر آئیں۔ اس کیلئے وہ ایسے افسران کا انتخاب کرتی ہیں جو ”حکومتی زبان“ سمجھتے ہوں، چاہے وہ تجربہ کم رکھتے ہوں۔پاکستان کی تاریخ میں بیوروکریسی اور سیاسی حکومتوں کے درمیان ہمیشہ اعتماد کا فقدان رہا ہے۔ اس خلا کو پر کرنے کے بجائے حکومتیں ”اپنے“ افسر لانے کو ترجیح دیتی ہیں۔تبادلے و تعیناتیاں اکثر عدالتوں یا بورڈز کی مضبوط نگرانی سے آزاد ہوتی ہیں، جس سے سیاسی اثرورسوخ بڑھ جاتا ہے۔ جب تعیناتی کا اختیار چند ہاتھوں میں مرکوز ہو، تو میرٹ آسانی سے پسِ پشت چلا جاتا ہے۔قواعد و ضوابط کیوں بار بار بدل کر افسران کو پریشان کیا جاتا ہے؟افسران کا یہ الزام بھی قابل غور ہے کہ حکومتی سطح پر پالیسی فریم ورک اور قواعد و ضوابط بار بار تبدیل کیے جاتے ہیں، جس سے نہ صرف انتظامی استحکام متاثر ہوتا ہے بلکہ افسران مسلسل ذہنی دباو¿ اور غیر یقینی کیفیت کا شکار رہتے ہیں۔وجوہ درج ذیل ہیں۔ سیاسی مصلحتوں کے مطابق قوانین کا ڈیزائن جب حکومتیں اپنے مفاد کے تحت سروس رولز یا پوسٹنگ کے معیار کو بدلتی ہیں تو افسران کیلئے پیشگی منصوبہ بندی ناممکن ہو جاتی ہے۔بیوروکریسی پر کنٹرول بڑھانے کی حکمتِ عملی بار بار اصول بدلنا افسران کو “کنٹرول” میں رکھنے کا ایک غیر اعلانیہ ذریعہ بھی سمجھا جاتا ہے۔جس کی اہم وجہ اداروں کی کمزور ادارہ جاتی یادداشت بھی قابل ذکر ہے۔ جب پالیسی سازی دیرپا نہ ہو اور ہر حکومت نئے اصول لے آئے، تو نظام کے اندر مستقل مزاجی ختم ہو جاتی ہے۔ایک سینئر بیوروکریٹ نے نام نہ شائع کرنے کی شرط پر روزنامہ مشرق سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قواعد و ضوابط کا مسلسل بدلنا ہمیں غیر یقینی میں رکھتا ہے۔ ہم یہ بھی نہیں جانتے کہ کل ہمارے عہدے یا اختیارات کا کیا بنے گا۔ یہ پالیسی تسلسل کے مسئلے کا سب سے بڑا مظہر ہے۔ ضرورتِ اصلاحات: شفافیت اور میرٹ ہی واحد راستہ ہے اہم حلقے اور گورننس ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ تبادلوں و تعیناتیوں کے عمل کو شفاف، ادارہ جاتی، اور میرٹ پر مبنی بنانا ناگزیر ہو چکا ہے۔گورننس کا پہیہ اسی وقت درست سمت میں چل سکتا ہے جب:سروس ڈھانچے کو غیر سیاسی بنایا جائے تعیناتیوں کیلئے واضح، تحریری اور مستقل معیارات مقرر ہوں۔او ایس ڈی کلچر ختم کیا جائے۔کیرئیر پلاننگ سٹریم کے مطابق پوسٹنگ دی جائے، مضبوط بورڈز اور کمیٹیاں اپنی سفارشات آزادانہ طور پر دیں۔