لاہور(قاضی ندیم اقبال)لاہور سمیت صوبہ بھر کے فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کو مانیٹر کرنے کیلئے صوبائی حکومت کا اہم اقدام۔اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں عدم استحکام اورسموگ کے حوالے سے ضلعی حکام سے رپورٹس طلب کر لیں جو پرفارما کی صورت میں فراہم کی جائیں گی۔ رپورٹس کی روشنی میں تحصیل اور ضلع کی سطح پر حکومتی ترجیحات کی روشنی میں ڈلیور نہ کرنے والوں کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز پر واضح کیا گیا ہے کہ حکومتی ترجیحات میں عوام الناس کی پہنچ میں اشیائے ضروریہ کو لانا،موسمی تبدیلی کے تناظر میں انہیں سموگ کے اثرات سے بچانے کیلئے اقدامات یقینی بنانا شامل ہیں۔اس ضمن میں روزانہ کی بنیاد پر نہ صرف اقدامات کئے جا رہے ہیں بلکہ متعدد حوالوں سے گائیڈ لائنز بھی تسلسل کے ساتھ دی جا رہی ہیں جن پر عملدرآمد یقینی بنانا ضلعی حکام کا فرض ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ضلعی حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسسٹنٹ کمشنرز کے ساتھ ساتھ دیگر متعلقہ سٹاف کی ہر ممکنہ طور پر فیلڈ میں ڈیوٹی کو یقینی بنائیں، تاکہ اس ضمن میں روزانہ کی بنیاد پر عوام کو ریلیف دینے کیلئے کارکردگی دکھائی دے۔ اور عوامی توقعات کے مطابق سروس آف ڈلیوری بھی بہتر بنائی جا سکے۔ذرائع نے بتایا کہ ڈویژنل کمشنر، ڈپٹی کمشنر ز کو کہا گیا ہے کہ وہ اس ضمن میں گذشتہ سات روز کی عملدرآمد رپورٹس تیار کریں جس میں بتایا جائے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں پائے جانے والے عدم استحکام کے خاتمہ اور ان کو عوام کی دسترس میں لانے کیلئے ضلعی اور تحصیل کی سطح پر کتنے آپریشن کئے گئے،ان کے نتیجے میں کتنے ذخیرہ اندوز اور مصنوعی مہنگائی کا سبب بننے والے دوکاندار پابند سلاسل بنائے گئے، کتنے مقدمات عدالتوں کو ریفر ہوئے، جبکہ اس ضمن میں موقع پر جرمانہ کی مد میں کتنی رقم وصول ہوئی۔ ذرائع نے بتایا کہ ضلعی حکام کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سموگ کے اثرات سے عوام الناس کو بچانے کے حوالے سے وقتاً فوقتاً جاری کی گئی ہدایات پر عملدرآمد کروانے کےلئے اٹھائے گئے اقدامات کی بابت رپورٹس بھی صوبائی حکومت کوارسال کریں۔ تمام رپورٹس ایک پرفارمہ کی صورت میں بھجوائی جانا لازم ہیں۔
اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں عدم استحکام، سموگ کے حوالے سے رپورٹ طلب

















