ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پراجیکٹ کی سائٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود، ایم ڈی واسا تنویر قیصر سندھو، سٹی منیجر پسپ اسجد خان سمیت متعلقہ افسران ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے سائٹ پر جاری ترقیاتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کو جلد مکمل کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ انتہائی اہمیت کا حامل پراجیکٹ ہے جس کے مکمل ہونے سے نہ صرف ساہیوال شہر کے سیوریج کے مسائل حل ہونگے بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی۔اس موقع پر سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایا کہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پر تیزی سے کام کیا جا رہا ہے اور اس کو جلد مکمل کرنے کیلئے تکنیکی ماہرین، انجینئرز اور متعلقہ ادارے مربوط حکمت عملی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کو طے شدہ منصوبہ بندی کے مطابق مقررہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ کام کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ کام کے معیار کو بھی ہرصورت برقرار رکھا جائے۔
ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ مقررہ ٹائم پر مکمل، معیار بھی یقینی بنایا جائے: کمشنر ساہیوال

















