قانون سازی پارلیمنٹ کا حق ،کسی کی مداخلت قبول نہیں،بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد،لاہور،کراچی،پشاور،کوئٹہ:(سٹاف رپورٹر،بیورورپورٹ)پیپلز پارٹی کے 58ویں یومِ تاسیس پر شہر شہر تقاریب ،جلسے،ریلیاں،پارٹی رہنماﺅں،جیالوں کی کثیر تعداد میں شرکت،کیک کاٹے گئے،فضا زندہ ہے بھٹو زندہ ہے، وزیراعظم بلاول بھٹو کے نعروں سے گونجتی رہی۔

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے جلسوں سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا قانون سازی پارلیمنٹ کا حق ہے،آئینی ترمیم کو مسترد کرنا کسی عدالت کے اختیار میں نہیں،آئینی عدالت بنا کر میثاق جمہوریت کا نامکمل ایجنڈا مکمل کردیا،آئینی عدالت ایسی نہ ہو جو ڈیم بنانے نکل جائے،وزیراعظم کو گھربھیج دے،امید ہے آئینی عدالت عوام کے اعتماد کوبحال کرے گی،18ویں ترمیم میں رہ جانےوالی کمی 27ویںترمیم میں دور کردی،صوبوں کو برابری کی نمائندگی دلوائی، تاریخی کامیابی ہے شاید کسی کو احساس نہ ہو،صوبائی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا،عوام کے حقوق کا ہر قیمت تحفظ کریں گے کسی ایسے عمل کا ساتھ نہیں دیں گے جس سے وفاق کمزور ہو۔

بلاول بھٹو نے کہاپیپلز پارٹی کی تاریخ پاکستان کے ماضی و مستقبل سے جڑی ،فلسفہ متوسط و پسماندہ طبقے کی نمائندگی کرتے ہوئے معاشی طور پر مضبوط کرنا ہے، بینظیر بھٹو شہید اپنے والد کے بنائے آئین ،جمہوریت کی بحالی اور عوام کے حقوق کے تحفظ کےلئے لڑتی رہیں، 2 آمروں سے ٹکرائیں اور آخر کار لیاقت باغ میں جام شہاد ت نوش کیا،پیپلز پارٹی نے بینظیر بھٹو شہید کی پارٹی کے پرچم کو گرنے نہیں دیا، صدر آصف زرداری نے پرچم تھام کر 18ویں ترمیم کے ذریعے آئین کی بحالی کا تاریخی کام کیا،روٹی، کپڑا ،مکان کے فلسفے سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی بنیاد رکھی ،غریب ترین خواتین کو مالی مدد پہنچائی،خیبرپختونخوا کا نام صوبے کو دیا ،بلوچستان کےلئے آغاز حقوق بلوچستان شروع کیا۔

چیئرمین پی پی نے کہا صدر آصف زرداری نے این ایف سی کی صورت میں تمام صوبوں کو حقوق دئیے، مئی کی جنگ میں پاکستان نے بھارت کو عبرتناک شکست دےکرتاریخی فتح سمیٹی،بہادر افواج، ایئر فورس نے دشمن کے 7جہاز گرا کر دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کیا،پاکستان کا بین الاقوامی سطح پر نیا مقام بنا،بھارت کو شکست دینے والے کرداروں سے پیپلز پارٹی مطمئن ،خوش ،جیت کا جشن بھی بناتے ہیں،کسی ایسے فیصلے میں ساتھ نہیں دیں گے جس میں صوبوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جائے، آئینی ترمیم پر نظرثانی کا اختیار صرف پارلیمنٹ کے پاس ہے، کوئی عدالت یا جج کالعدم قرار نہیں دے سکتا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا دوسرے اداروں کی پارلیمان کے دائرہ کار میں مداخلت قبول نہیں، ماضی میں مداخلت کا نقصان ہمیشہ عوام نے بھگتا ، پارلیمان کے اختیارات و دائرہ کار کا تحفظ کریں گے، آئین سازی پارلیمنٹ کا حق ہے ،کوئی نہیں چھین سکتا،18ویں آئینی ترمیم صوبوں کے حقوق کا سب سے بڑا تحفظ ، این ایف سی ایوارڈ صوبوں کے معاشی حقوق کی ضمانت ، پیپلز پارٹی صوبوں کے معاشی و آئینی حقوق کی محافظ ہے، کوئی بھی فیصلہ جس سے وفاق کمزور ہو، پیپلز پارٹی قبول نہیں کرے گی۔

چیئرمین پی پی نے کہا پیپلزپارٹی خود آئینی ترمیم لےکر آتی تو انقلابی قانون سازی کرتے ، 1973 کے آئین کے بعدکسی ترمیم میں کوئی طاقت ہے تو وہ 18ویں ترمیم میں ہے،ملک میں فالٹ لائنز تھیں اور ہیں، 18ویں ترمیم کر کے وفاق کو مضبوط کیا،علیحدگی پسند سیاست دفن کر دی کچھ لوگ این ایف سی ایوارڈ،اٹھارویں ترمیم سے کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں،اقدام آگ سے کھیلنے کے برابر ہوگا،ترقی کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، پیپلز پارٹی عوامی مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرتی رہے گی۔

بلاول بھٹو نے کہا قائدعوام کا عدالتی قتل کرایاگیا، عدالت کی تاریخ آپ کے سامنے ہے، امید کرتے ہیں آئینی عدالت ملک کے بڑے مسئلے کو دیکھے گی، عام شہریوں کے ایشوز کو فوری طور پر ریلیف ملے گا، ماضی میں عدالتوں پر سے اعتماد اٹھ گیا تھا، کچھ لوگوں کی کوشش ہے آئینی عدالت کو متنازع بنائے، امید ہے آئینی عدالت اپنے کردار سے لوگوں کو غلط ثابت کردے گی،کارکن کسی پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں، آپ کے حقوق کا تحفظ کرتا رہوں گا،بھارت کا وزیرسندھ پرغلط بات کر رہا ہے، ملک کے تمام صوبے بھائیوں کی طرح اورمودی کا مقابلہ کرنے کی طاقت رکھتے ہیں، متحد ہوکر دہشتگردوں ،ملک دشمنوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔