بھارت ،پی ٹی آئی ملکی سالمیت کےخلاف ایک پیج پر ہیں‘ احسن اقبال

لاہور:(ایجوکیشن رپورٹر)وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے پاکستان ہے تو سیاست،بھارت ،پی ٹی آئی ملکی سالمیت کےخلاف ایک پیج پر ہیں،پی ٹی آئی کا طرز سیاست جمہوری نہیں،انتشار پھیلانا ہے،اڑان پاکستان منصوبہ قومی ترقی کا مرکز و محور ،نوجوان ملکی اثاثہ ہیں۔

لمز یونیورسٹی میں2روزہ ”انٹرنیشنل کانفرنس سے خطاب ،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا نوجوان نسل کو ماحول دوست ترقی میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ موسمیاتی خطرات سے بچا جا سکے ،حکومت گرین منصوبوں کی تکمیل کےلئے ٹھوس اقدامات بروئے کار لا رہی ہے، اختلاف رائے جمہوریت کا حسن اور ملکی سیاست ایک خاندان کی طرح ہوتی ہے، آپس میں اختلافات ہو جائیں تو ملک کے اندر رہتے ہوئے ختم کرنا ہی جمہوریت کا حسن ہے۔

وفاقی وزیر نے کہاپی ٹی آئی دور میں نوجوانوں کو ترقی، تعلیم ،مہارت کی بجائے صرف گالی گلوچ کی سیاست سکھائی گئی،اناڑی شخص نے معیشت،اداروں کو شدید نقصان پہنچایا،پی ٹی آئی مخصوص مقاصد کےلئے عالمی سطح پر ملکی بدنامی کا باعث بن رہی ہے ،امریکی کانگریس میں ملک دشمن لابیوں کے کندھوں پر سوار ہو کر پاکستان کےخلاف قرارداد پاس کرانا کیسی محب وطنی ہے۔