لارج سکیل مینوفیکچرنگ سیکٹر پر ٹیکس کا بھاری بوجھ ایکسپورٹ سیکٹر متاثر کررہا ہے:ڈاکٹر حفیظ پاشا

لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان میں ٹیکس کی مجموعی آمدنی کا تقریباً 60 فیصد صرف ایک شعبے سے حاصل ہوتا ہے، جو کہ لارج سکیل مینوفیکچرنگ سیکٹر ہے۔ یہ حقیقت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ ہمارا ٹیکس نظام کس قدر غیر متوازن ہے۔ صرف اس ایک شعبے پر باقی معیشت کے مقابلے میں چار گنا زیادہ بوجھ ہے، جس کی وجہ سے یہ شعبہ سانس نہیں لے پا رہا اور ہر سال مینوفیکچرنگ سیکٹر کی ترقی منفی رجحان کی طرف جا رہی ہے۔ یہ بات سابق وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ اے پاشا نے لاہور چیمبر میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل، سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، نائب صدر خرم لودھی، ای سی ممبر فردوس نثار، سابق ای سی ممبر میاں نواز اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر حفیظ پاشا نے کہا کہ پاکستان میں کئی ایسے شعبے ہیں جہاں آمدنی تو بہت زیادہ ہے، جیسے زرعی شعبہ، لیکن اس کے باوجود ٹیکس ریونیو کم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں صرف ایک فیصد زمیندار کے پاس22 فیصد بہترین زرعی زمین موجود ہے، لیکن زرعی شعبے سے حاصل ہونے والا ٹیکس تقریباً نا قابل ذکر ہے۔ آئی ایم ایف کی ہدایت پر اگلے سال زرعی شعبے سے ٹیکس کے طور پر صرف چار ارب روپے وصول کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جو انتہائی کم ہے، جبکہ مینوفیکچرنگ سیکٹر سے ساڑھے چار ہزار ارب روپے ٹیکس وصول کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی شرح بہت کم ہو گئی ہے۔ آج لارج سکیل مینوفیکچرنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری پچیس سال قبل کے مقابلے میں کافی کم ہے۔ سب سے بڑی تشویش یہ ہے کہ جو کیپٹل سٹاک ڈیپریشیٹ ہو رہا ہے، اسے ری فل نہیں کیا جا رہا، جس کی وجہ سے مینوفیکچرنگ سیکٹر کی پائیدار ترقی متاثر ہو رہی ہے۔ صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے اپنے اقتصادی پوٹینشل کو درست طریقے سے استعمال نہیں کیا۔ آج جن مسائل کا ہمیں سامنا ہے، وہ بیرونی عوامل کی وجہ سے نہیں بلکہ ہماری غلط پالیسیوں کی وجہ سے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 60ءکی دہائی کے اقتصادی ماڈل پر عمل کرتے ہوئے چین اور بھارت نے ترقی کی، جبکہ ہم پیچھے رہ گئے۔ پچھلے چار ماہ کے دوران ہمارا تجارتی خسارہ دس ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا، جسے مشکل سے قابو میں لایا گیا تھا۔ صدر لاہور چیمبر نے مزید کہا کہ پاکستان میں آج تک ایک بھی ایس ایم ای زون قائم نہیں ہوا، جبکہ ترقی یافتہ ممالک نے ایس ایم ای سیکٹر کو ترقی کی بنیاد بنایا۔ ہر سال لاکھوں نوجوان مارکیٹ میں آتے ہیں لیکن بے روزگار رہ جاتے ہیں۔ اگر ہم انہیں سکلز فراہم کریں اور بیرون ملک بھیجیں تو ترسیلات زر میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر حفیظ پاشا نے کہا کہ ایکسپورٹ سیکٹر اور لارج سکیل مینوفیکچرنگ پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، جبکہ رئیل اسٹیٹ جو نان پروڈکٹیو ہے، اس میں سرمایہ کاری سب سے زیادہ ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پراپرٹی پر ریونیو کلیکشن صرف صفر اشاریہ دو فیصد ہے، جو انڈسٹری کے مقابلے میں بارہ گنا کم ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں 21 لاکھ نوجوان بے روزگار ہیں، 26 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں اور 22 فیصد ورک فورس کے پاس روزگار نہیں ہے، جو تاریخ میں سب سے زیادہ بے روزگاری کی شرح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تین لاکھ چھوٹے یونٹس کیلئے بینک کریڈٹ صرف چھ فیصد دستیاب ہے، جبکہ80 فیصد حکومت کو بینکوں کی طرف سے فراہم کیا جاتا ہے۔