گلوبل گرین گروتھ انسٹیٹیوٹ کا پنجاب حکومت سے شراکت داری پر اتفاق


لاہور: (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے” گلوبل گرین گروتھ انسٹیٹیوٹ “ کے ڈائریکٹر جنرل کم سینگ ہائپ نے برازیل کے شہر بیلم میں منعقدکوپ 30کانفرنس کے دوران ملاقات کی، ملاقات میں ماحولیاتی بہتری کے عالمی اتحاد ”گلوبل گرین گروتھ انسٹی ٹیوٹ“ کا ماحول دوستی کے مشن میں پنجاب حکومت سے شراکت داری پر اتفاق کیا گیا۔

جی جی جی آئی عالمی کاربن مارکیٹ اور کاربن فنانسنگ میں پاکستان کی صلاحیت بڑھانے اور دنیا بھر کی کاربن مارکیٹس تک رسائی حاصل کرنے میں مدد دے گا، عالمی کاربن مارکیٹ لیڈر جی جی جی آئی نے وزیر اعلیٰ کے موسمیاتی بہتری کے اقدامات کو کاربن کریڈٹس میں تبدیل کرکے گرین گروتھ پروجیکٹس بنانے کی پیشکش کی، جی جی جی آئی پنجاب کو صوبائی سطح کے کاربن کریڈٹ پروگراموں میں بھی مدد فراہم کرے گا ، مریم نواز اورکم سینگ ہائپ نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے خطرات کے مقابلے کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا،کم سینگ ہائپ نے پنجاب حکومت کے ماحولیاتی بہتری کے اقدامات، تاریخی سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے اور سب سے بڑے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کے حوالے سے اقدامات کو بھی سراہا ۔

جی جی جی آئی کے ڈی جی نے وزیراعلیٰ مریم نواز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آپ کے ویژن سے پنجاب میں ماحولیاتی بہتری کے پختہ عزم کی عکاسی ہوتی ہے، آپ کےساتھ ملکر ماحولیاتی بہتری اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کےلئے کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

مریم نواز نے کہا آپ کے تجربات اور معاونت سے ماحولیاتی بہتری کے ویژن کو آگے بڑھانا ہمارے لئے اہم ہے،جی جی جی آئی پیرس معاہدے کے آرٹیکل 6 کے تحت نکات کو عملی جامہ پہنانے اور کاربن ٹرانزیکشن فیسیلٹی (سی ٹی ایف) جیسی سہولیات کی فراہمی پر عملدرآمد کرتی ہے، عالمی ادارہ ممالک کو بین الاقوامی کاربن مارکیٹس میں شرکت کےلئے معاونت فراہم کرتی ہے، جی جی جی آئی پاکستان کے تین پہلووں میں مدد کرےگا، جی جی جی آئی کے تعاون سے پنجاب اپنے موجودہ موسمیاتی بہتری کے کردار کےساتھ گرین فنانسنگ کی عالمی مارکیٹ میں داخل ہو سکے گا۔

واٹر اینڈ سینی ٹیشن پروگرامز، ستھرا پنجاب، ای موبیلٹی، اینٹی سموگ مٹیگیشن پراجیکٹس اور پلانٹ فار پاکستان پنجاب کےلئے ممکنہ گرین فنانسنگ پراجیکٹس بن سکیں گے، جی جی جی آئی 2012 میں اقوام متحدہ کی پائیدار ترقی کی کانفرنس (ریوپلس20) میں تشکیل دیا جانےوالا عالمی اتحاد ہے ، 18 بنیادی ارکان سے قائم ہونےوالی جی جی جی آئی کے ارکان کی تعداد 2024 تک 50 ہو چکی جبکہ 29 ممالک پارٹنر ہیں، جی جی جی آئی خطوں میں شجرکاری، ماحولیاتی بہتری اور گرین گروتھ کے اہداف کےلئے دنیا میں کام کررہی ہے۔