کلین اینڈ گرین پنجاب انیشیٹوکے تحت اقدامات تیزی سے جاری ہیں:کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورورپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ساہیوال ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں نئے تعینات ہونے والے فیلڈ مانیٹرنگ آفیسرز سے ضلع کونسل ہال میں خصوصی خطاب کیا۔ اس موقع پر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر افتخار علی، جنرل منیجر آپریشنز آفتاب اور سینئر آفیسر مانیٹرنگ رضوان احمد مارتھ بھی موجود تھے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے فیلڈ مانیٹرنگ آفیسرز کو ہدایت کی کہ وہ صفائی کے نظام کو بہتر اور موثر بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں محنت، دیانت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ میں صفائی عملے کی نگرانی کیلئے ڈیجیٹل ایپ کا استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ کارکردگی میں بہتری اور شفافیت لائی جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہری، دیہی اور قصباتی علاقوں میں صفائی کے عمل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے فیلڈ آفیسرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ فیلڈ میں متحرک رہیں، صفائی ٹیموں کی روزانہ مانیٹرنگ کریں اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم ہو۔ آخر میں کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ صفائی کے نظام کو مزید جدید اور موثر بنانے کیلئے حکومت پنجاب کے ”کلین اینڈ گرین پنجاب انیشیٹو“کے تحت اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد شہروں اور دیہاتوں کو صاف، سرسبز اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے جس کیلئے تمام اداروں کو بھرپور جذبے اور تعاون کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔