27ویں ترمیم قومی اسمبلی میں پیش،اپوزیشن کاشدید احتجاج،نعرے بازی
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)27ویں ترمیم قومی اسمبلی میں پیش،اپوزیشن کاشدید احتجاج،ایوان نعروں سے گونج اٹھا۔
سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت ہونےوالے اجلاس کے آغاز میں عرفان صدیقی کے انتقال پر فاتحہ خوانی کرائی گئی،بعد ازاں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے 27ویں ترمیم کو منظوری کیلئے پیش کرتے ہوئے کہاترمیم سینٹ سے دو تہائی اکثریت کےساتھ منظور ہو چکی ،دنیا کے مختلف ممالک میں آئینی عدالتیں موجود ،ججز کی تقرری جوڈیشل کمیشن کے ذریعے کی جاتی ہے،مجوزہ بل کے تحت صدر کو تاحیات استثنیٰ حاصل ہوگا تاہم پبلک آفس سنبھالتے ہی استثنیٰ ختم ہوجائے گا،فیلڈ مارشل کا اعزاز تاحیات رہے گا،اعزاز کو واپس لینے کا اختیار پارلیمنٹ کو دیا گیا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہابل میں سوموٹو کے اختیار کےلئے نیا طریقہ کار وضع کردیا تاکہ عدلیہ پر سیاسی یا بیرونی دباو کم ہو اور ملک کا معاشی نظام متاثر نہ ہو،آئین میں ترمیم ہمیشہ مشاورت سے کی جاتی ہے ،میثاق جمہوریت میں آئینی عدالت کے قیام کا بنیادی نکتہ شامل تھا، آرٹیکل 184کے تحت سو موٹو عفریت کی طرح آیا، ازخود نوٹس کی نذر کبھی وزیراعظم ، کبھی کوئی سرکاری افسرہوگیا، معاشی نظام ہی بٹھادیا،آرٹیکل 200میں ترمیم کرکے ججز تبادلے کا اختیار جوڈیشل کمیشن کو دےدیااب عدالتوں کاوقت ضائع نہیں ہوگا۔
وزیر قانون نے کہاموجودہ چیف جسٹس ہی آئینی کمیشن ،اداروں کی سربراہی کریں گے،صوبوں کے معاملات ،آئینی مقدمات آئینی عدالت دیکھے گی، سپریم کورٹ دیوانی مقدمات سمیت کل 62ہزارسے زائد مقدمات سنے گی، جوڈیشل کمیشن سپریم کورٹ ،آئینی عدالت کے 5 ججز اوراپوزیشن وحکومت سے2،2ممبران پرمشتمل ہوگا اور فیصلہ کرے گا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا27ویں آئینی ترمیم پر وسیع اتفاق رائے پیدا کیا گیا، توقع ہے ترمیم کے بعد اب عام آدمی کے کیس سننے کا سپریم کورٹ کے پاس مناسب وقت ہوگا، پاک بھارت کشیدگی کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج کی کارکردگی کو پوری دنیا نے سراہا،فیلڈ مارشل کے رینک کو آئینی تحفظ دیا ، اعزاز واپس لینا کسی فرد واحد کا اختیار نہیں ہوگا،پارلیمنٹ مشترکہ اجلاس میں ووٹنگ کے ذریعے اعزاز واپس لینے کا فیصلہ کر سکتی ہے،بل پیش کیے جانے کے موقع پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا،نعرے بازی کی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاافسوس کےساتھ جمہوریت کےلئے سوگ کا دن ہے، آئین مقدس ذمہ داری ،بے ایمانی کی گئی،ترمیم کے بعد جمہوریت برائے نام رہ جائےگی، 26ویں ترمیم کا رہ جانےوالا ایجنڈا اب لایا گیا ، طاقت کے سر پر قائم عمارتوں کو عوام اپنے اوپر بوجھ سمجھتے ہیں، تاریخ میں پہلی مرتبہ باکو میں بیٹھ کر ترمیم منظور کرائی گئی، باکو ترمیم کہتے ہیں،قانون کے سامنے جوابدہ ہونا ہی قانون کی بالادستی ، دنیا کے کس ملک میں صدر کے پاس استثنیٰ ہے؟ باکو ترمیم کو، صبح بے نور کو نہیں مانتے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا اپنے کیسز ختم کراکے سائیڈ پر ہوگئے، عوام کے پاس کس منہ سے جائیں گے؟ عوام کوکھانا نہیں ملتا، ہسپتال میں بیڈ نہیں، کیا ایک اورایلیٹ کلاس لانا چاہتے ہیں جو قانون سے بھی بالاتر ہو، آپ اپنے 141کیسز کیلئے آئینی عدالت بنارہے ، عدلیہ کے قلعہ کو فتح کرکے مرضی کے فیصلے لینا چاہتے ہیں،آپ نے آرٹیکل 176میں تبدیلی کرکے چیف جسٹس کا عہدہ ختم کر دیا، دنیا میں جب کوئی عدالتی کنونشن ہوگا تو ملک کی نمائندگی نہیں ہوسکے گی ۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا جمہوریت کیلئے آئین میں تبدیلیاں اتفاق رائے سے کی جاتی ہیں، وزیراعظم نے کہا تھا ہمارے پاس لوٹوں کا ووٹ نہیں آیا، مبارک ہو آپ نے 2لوٹوں کے ووٹ سے ترمیم پاس کرائی،آپ کے خوف کو سلام، مرد آہن جیل سے باہر آئے گا پھر پتہ چلے گا،اجلاس صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا ،بل بدھ کو منظور کرا لیا جائے گا۔
دوسری جانب اپوزیشن رہنماﺅں سلمان اکرم راجہ، محمود اچکزئی، علامہ راجہ ناصر عباس، مصطفی نواز کھرکھر،لطیف کھوسہ نے کہامشرف کو آئین سے کھلواڑ پر آرٹیکل 6 کا سامنا کرنا پڑا،27ویںترمیم کے بعد بھی آرٹیکل6 موجود ہے، وقت آنے پر سب کو حساب دینا ہوگا،27ویں ترمیم میں عدالتوں کو داغدار کیا گیا، عدالتوں کی بے توقیری ہوگی،عدلیہ پر قبضہ کر لیا گیا، 27ویں ترمیم کے ذریعے ججز کو بھی ٹرانسفر کیا جائے گا، عدالتوں میں اپنے ججز لگائے جائیں گے، 27ویں ترمیم پاس کرانے کی اتنی جلدی تھی عرفان صدیقی کے انتقال کو بھی نہیں دیکھا گیا۔
پریس کانفرنس میں اپوزیشن رہنماﺅں نے مزید کہا ججوں کے دل بجھے ہوئے ہیں،صدر کو تمام مقدمات سے استثنیٰ ،آئین مسخ کرکے چند افراد کو نوازا گیا، مفاد پرستوں نے ذاتی مفاد کےلئے ترامیم کرکے عوام کو دھوکہ دیا، ہر قسم کے جرم سے خود کو مستثنیٰ قرار دینے والوں کے ارادے خطرناک ہیں، خاموش نہیں بیٹھیں گے،جج صاحبان خوش ہیں تو تاریخ میں گمنام ہوں گے،تصور زائل کرنا ہوگا عدلیہ ستو پی کر سو رہی ہے،ادھر سربراہ جے یو آئی فضل الرحمن نے پارٹی ممبران قومی اسمبلی کو آئینی ترمیم کےخلاف ووٹ نہ دینے کاہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے کہاتمام پہلوﺅں پر غور خوض کے بعد مخالفت کا فیصلہ کیا ،پارٹی ممبران خلاف ووٹ دیں۔

















