گورونانک جنم دن تقریبات کا اختتام، تمام مذاہب قابل احترام ہیں: وفاقی وزیر

لاہور، ننکانہ صاحب (سپیشل رپورٹر+ بیورو چیف) سکھ مذہب کے روحانی پیشوا بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات ننکانہ صاحب میں اختتام پذیر ہوگئیں۔ متروکہ وقف املاک بورڈ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر انتظام مرکزی تقریب گورو دوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا کہ تمام مذاہب قابل احترام اورامن کا درس دیتے ہیں، مذہب اپنا اپنا لیکن انسانیت سانجھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنم دن کی تقریبات کے موقع پر متروکہ وقف املاک بورڈ کی ٹیم صوبائی محکموں اور دیگر تمام متعلقہ اداروں نے یاتریوں کی بہترین مہمان نوازی کیلئے خصوصی طور پر انتظامات کئے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آ ہنگی نے انتظامات پر کروڑوں روپے خرچ کئے تاکہ سکھ یاتریوں کو آرم دہ اور بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے دوران گورو دوارہ دربار صاحب کرتار پور کو نقصان پہنچا جس پر وزیر اعظم شہباز شریف کے احکامات پر 24 گھنٹے میں گورو دوارہ صاحب کو بحال کیا۔ اس موقع پر بھارت سے آئے اکال تخت کے گیانی کلدیب سنگھ گڑگج نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی دھرتی عشق ہے۔ ہم یہاں آزادی سے گھوم رہے ہیں، ہم پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سکھ قوم حکومت پاکستان کی شکر گزار ہے کہ جس نے ہمیں بہت عزت دی، یہ ہماری گورو کی دھرتی ہے، ہمارے مقدس مقامات گورو دواروں کی دیکھ بھال کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پیغام امن اور بھائی چارے کا پیغام ہے دونوں ملکوں کی عوام امن اور اتحادکے خواہشمند ہیں۔ بھارتی شرومنی گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کی جتھہ لیڈر بی بی گوریندر کورنے کہا کہ بابا گورو نانک دیو جی نے عورتوں کے حقوق کے تحفظ اور احترام کا درس دیا۔ پاکستان میں آکر بہت خوشی محسوس ہوئی، خواتین کیلئے خصوصی طور پر انتظامات ہیں اور بہت عزت و احترام ملا۔دہلی گورو دوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے جتھہ لیڈر سردار رویندر سنگھ سویٹا نے کہا کہ پاکستان سرکار کے دروازے پہلے سے ہی کھلے تھے، ہماری درخواست بھارت سرکار نے قبول کی اور ہمیں اس دھرتی پر آ نے کا موقع ملا۔ پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان و صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ یاتریوں کیلئے سیکورٹی سمیت دیگر تمام بہترین انتظامات پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف، چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان ،ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق، چیف سیکرٹری ، وزیر صحت ضلعی حکومت ننکانہ،پولیس اور دیگر محکموں کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں یقین سے کہتا ہوں کہ سکھ برادری پاکستان کے سر کا تاج ہے۔ سکھوں کیلئے حکومت پاکستان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، سکھ یاتری دورہ سے واپس جا کر پاکستان سے ملنے والی محبت ،امن احترام کا پیغام دنیا بھر میں پہنچائیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق نے سکھ یاتریوں کو جنم دن کی مبارکباد دیتے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ ہمیشہ سکھ یاتریوں کی خدمت پیش پیش ہے۔ پاکستان کی پاک دھرتی کا اعزاز ہے کہ گورو نانک دیو جی کا پرکاش یہاں پر ہوا۔حکومت پاکستان وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے نہ صرف سکھ برادری بلک پوری دنیا کیلئے محبت کا پیغام ہے۔وساکھی میلہ پر حکومت پاکستان نے بھارتی سکھ یاتریوں کو طے شدہ پروٹوکول سے چار گنا زیادہ ویزے جاری کئے اور کسی ایک ویزہ کو رد نہیں کیا۔ تقریب سے وزیر مملکت کھیل داس کوہستانی اور ڈاکٹر شذرہ منصب سمیت دیگر سکھ و سیاسی رہنماوں نے بھی خطاب کیا جبکہ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان ،سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ فرید اقبال، ڈپٹی سیکرٹری فراز عباس ،ڈپٹی کمشنر،ڈی پی اور ہندو رہنما سمیت مختلف اقلیتی و سیاسی رہنماوں اور بورڈ کے افسران نے شرکت کی ۔ آخر میں سکھ رہنماو¿ں کی طرف سے وفاقی وزیر سمیت دیگرشرکاءمیں خصوصی تحائف تقسیم کئے گئے۔ بھارت سے آ ئے سکھ یاتریوں نے ننکانہ صاحب میں گورو دوارہ کیارہ صاحب ،گورودوارہ بالیلا صاحب ، گورو دوارہ پٹی صاحب ،گورودواہ تمبو صاحب کے درشن کئے۔ تقریب کے اختتام پر پالکی صاحب کا جلوس گورو دوارہ جنم استھان گورو دوارہ کیارہ صاحب لے جایا گیا۔ سکھ یاتری 6 نومبر کو سچا سودا فاروق آباد کی یاترا کرنے کے بعد گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہو جائیں گے۔