لاہور، سموگ کے تدارک کیلئے مارکیٹوں کے اوقات کار تبدیل

لاہور (مشرق نیوز) لاہور شہر میں سموگ کے تدارک کیلئے ضلعی انتظامیہ نے مارکیٹوں کے اوقات کار تبدیل کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنرز کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔ مراسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنرز کو روزانہ کی بنیاد پر عملدرآمد رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق سموگ کے تدارک کیلئے مارکیٹس رات 10 بجے بند ہوں گی اور لاہور کے تمام ریسٹورنٹس رات 11 بجے بند ہوجائیں گے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نئے اوقات کار پر پابندی لازم ہے، خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی۔

واضح رہے کہ عدالتی حکم پر لاہور میں اتوار کے روز کمرشل سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے اور شادی ہالوں پر رات 10 بجے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ عدالت نے ہر سماعت پر محکمہ ماحولیات کے ڈائریکٹر سطح کے افسر کو پیش ہونے کا بھی حکم دیا۔