لاہور (مشرق نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کی خصوصی پنک تھیم کٹ متعارف کرادی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق جنوبی افریقہ کیخلاف 28 اکتوبر کو راولپنڈی میں شیڈول پہلے ٹی 20 میچ میں قومی کھلاڑی پنک جرسی پہن کر بریسٹ کینسر آگاہی مہم PINKtober میں حصہ لیں گے۔ امپائرز، عملہ اور کمنٹیٹرز بھی پنک ربن پہن کر اس مہم کی حمایت کریں گے۔
پی سی بی کے سی ای او سمیر احمد سید کا کہنا ہے کہ ہم کرکٹ کی مقبولیت کو معاشرتی آگاہی کیلئے استعمال کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں، بروقت تشخیص بے شمار جانیں بچا سکتی ہے۔ میچ میں استعمال ہونے والے اسٹمپس پر بھی پنک برانڈنگ ہوگی جبکہ میدان کے اطراف اس حوالے سے آگاہی پیغامات دکھائے جائیں گے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پی سی بی نے کسی بین الاقوامی میچ میں بریسٹ کینسر آگاہی مہم کو شامل کیا ہے۔ اس سے قبل ”پنک ڈے“ ایونٹس صرف پی ایس ایل کے دوران منعقد کئے جاتے تھے۔ سیریز کا دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ بالترتیب 31 اکتوبر اور یکم نومبر کو لاہور میں کھیلا جائے گا جب کہ تین ون ڈے میچوں کی سیریز 4 سے 8 نومبر تک فیصل آباد میں کھیلی جائے گی۔
جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹی 20 کیلئے قومی ٹیم کی خصوصی پنک جرسی متعارف



















