عوامی تعاون کے بغیر فضائی آلودگی کنٹرول نہیں ہوسکتی: مریم اورنگزیب

لاہور (اپنے رپورٹر سے) دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور جمعہ کے روز بھی پہلے نمبر پر رہا جبکہ ملک کا سب سے بڑا شہر کراچی چوتھے نمبر پر رہا جبکہ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پنجاب میں فضائی آلودگی سے کاروبارِ زندگی شدید متاثر ہو سکتا ہے۔فضائی آلودگی کے عالمی ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق جمعہ کے روز لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے، بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی دوسرے، کلکتہ تیسرے اور کراچی چوتھے نمبر پر رہا۔صبح تقریباً ساڑھے 9بجے لاہور میں ایئر کوالٹی 312، نئی دہلی میں 206، کلکتہ میں 174اور کراچی میں 173ریکارڈ کی گئی۔پنجاب ایئر کوالٹی انڈکس کے مطابق چک جھمرہ کا فضائی معیار سب سے خراب رہا جہاں ایئر کوالٹی 664ریکارڈ کی گئی۔فیصل آباد میں ایئر کوالٹی 579، رائیونڈ میں 470، قصور میں 439اور پتوکی میں 362ریکارڈ کی گئی۔جبکہ ملتان میں بھی صورتحال خراب ریکارڈ کی گئی۔ماہرین ماحولیات کے مطابق اس سطح کی آلودگی انسانی صحت کیلئے نہایت نقصان دہ ہے، بالخصوص بچوں، بزرگوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو گھروں سے غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب حکومت پنجاب کی جانب سے اینٹی سموگ گن کا استعمال بھی جاری ہے تاکہ فضائی آلودگی میں کمی لائی جا سکی۔پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ سموگ کی وجہ سے کاروبارِ زندگی شدید متاثر ہوسکتا ہے، حکومت سموگ سے نمٹنے کیلئےعملی اقدامات کر رہی ہے۔مریم اورنگزیب نے کنیئرڈ کالج لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے، عوام کے تعاون کے بغیر فضائی آلودگی پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سموگ کی وجوہات کا خاتمہ کرنا اور اپنی فضا کو صاف ستھرا رکھنا ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس میں بہتری کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں، اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا گیا ہے، پنجاب بھر کیلئے سموگ وار روم قائم کیا گیا ہے، کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی اطلاع کیلئے ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔دوسری طرف پنجاب بھر میں سموگ کی وجہ سے سانس کی بیماریاں پھیلنے لگی ہیں، ہسپتالوں میں گلے ناک اور چھاتی کے مریضوں کا رش بڑھ رہا ہے، سموگ سے خاص کر بچے متاثر ہو رہے ہیں۔