چھاتی کے سرطان سے آگاہی، پاکستان ٹیم پہلے ٹی ٹونٹی میں گلابی کٹ پہنے گی

لاہور (مشرق نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم چھاتی کے سرطان سے آگاہی مہم کے تحت جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میں گلابی کٹ پہنے گی۔ اقوام متحدہ کے ویژن کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے پنک ربن پاکستان کے ساتھ چھاتی کے سرطان سے آگاہی مہم میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔

پاکستان ٹیم راولپنڈی میں پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں گلابی تھیم والی خصوصی کٹ پہنے گی۔ جنوبی افریقی ٹیم اور میچ آفیشلز گلابی ربن پہنیں گے۔ میچ میں استعمال ہونیوالی سٹمپس بھی گلابی رنگ کی ہوں گی۔ کمنٹیٹرز براہ راست نشریات میں آگاہی پیغامات بھی شیئر کریں گے۔

پنک ربن ہسپتال لاہور میں 28 اکتوبر کو مفت سکریننگ اور چیک اپ فراہم کرے گا۔ پی سی بی کے سی او او سمیر احمد سید کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے ذریعے عوامی آگاہی پھیلانا پی سی بی کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے۔