حکومت صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پرعزم ہے: قیصر احمد شیخ

لاہور (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور صدر فہیم الرحمن سہگل، سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، نائب صدر خرم لودھی، سابق صدور میاں انجم نثار اور محمد علی میاں سمیت دیگر عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان سے تفصیلی ملاقات کی۔ لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے وفاقی وزیرکا خیر مقدم کیا اور کاروباری طبقے سے ان کے قریبی روابط کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قیصر احمد شیخ کی قیادت میں وزارت سرمایہ کاری عوامی و نجی شعبوں کے درمیان مضبوط شراکت داری قائم کریگی اور صنعتی ترقی میں نمایاں کردار ادا کریگی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے لاہور چیمبر کو ملک کا سب سے سرگرم اور فعال کاروباری ادارہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے کیلئے پوری طرح سنجیدہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بورڈ آف انوسٹمنٹ میں ایک فیسلی ٹیشن سینٹر قائم کیا گیا ہے، جہاں تمام متعلقہ وزارتوں کے نمائندے ایک ہی جگہ موجود ہیں تاکہ کاروباری اجازت نامے اور منظوریوں کا عمل تیز اور آسان بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تمام زیر التوا منظوریوں کو مکمل کر دیا گیا ہے اور سرمایہ کاری کے عمل کو پہلے سے کہیں زیادہ آسان بنایا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ نئے صنعتی زونز میں قائم ہونے والی صنعتوں کو مشینری کی درآمد پر 10 سال کیلئے ٹیکس چھوٹ دی جا رہی ہے تاکہ ملک میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے قریب 6 ہزار ایکڑ پر محیط ایک نیا اکنامک زون بنایا جا رہا ہے ، جہاں سرمایہ کاروں کو مینوفیکچرنگ، لاجسٹکس اور برآمدات کے شعبوں میں نئے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح کاروباری اعتماد کی بحالی، سرمایہ کاری میں اضافہ، اور پالیسیوں میں تسلسل کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ایک مضبوط نجی شعبے کے بغیر حقیقی معاشی ترقی ممکن نہیں۔ حکومت کاروباری طبقے کی مکمل حمایت کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے تاجروں اور صنعتکاروں کو درپیش مشکلات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار کرنے کی لاگت بہت بڑھ چکی ہے، بجلی و گیس کے نرخ، ٹیکسوں میں اضافہ اور غیر یقینی پالیسیوں نے کاروبار کو مشکل بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک مزید مالی بوجھ برداشت نہیں کر سکتا۔ ایف بی آر کا ہر کاروباری یونٹ پر تین اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ غیر ضروری خوف و دباﺅ پیدا کریگا اور کاروباری سرگرمیوں کو نقصان پہنچائے گا۔ صدر لاہور چیمبر نے حکومت پر زور دیا کہ معاشی پالیسیوں کی تشکیل میں نجی شعبے کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کو صرف ٹیکس دینے والا نہیں بلکہ پالیسی کا پارٹنر سمجھا جائے۔ انہوں نے تجویز دی کہ بیرونی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ مقامی سرمایہ کاروں کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے، کیونکہ یہی طبقہ مشکل حالات میں معیشت کو سنبھالے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے امدادی منصوبوں کو اس طرح بھی ڈیزائن کیا جائے کہ یہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار میں سرمایہ کاری کو فروغ دے تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں اور معیشت مضبوط ہو۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی معاشی ترقی نوجوانوں کے کاروباروں، اسٹارٹ اپس اور برآمدی صنعتوں کے فروغ سے آئے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کاروباری برادری حکومت کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے تاہم اس کیلئے مستحکم پالیسیاں، سستی توانائی اور مناسب ٹیکس درکار ہیں تاکہ عالمی منڈی میں مقابلہ کیا جا سکے۔