لاہور ( اپنے رپورٹر سے )حکومت پنجاب کے انتظامی و پولیس افسران کی محکمہ داخلہ پنجاب میں اہل سنت وجماعت کے اکابرین سے اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں اہل سنت و جماعت کی جانب سے علامہ سید مظفر شاہ قادری، مفتی عابد مبارک المدنی، مفتی رفیع الرحمن نورانی، عبد المصطفیٰ ہزاروی اور علامہ اشرف گورمانی نے شرکت کی۔ انتظامیہ و پولیس کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری اوقاف پنجاب، سپیشل سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی پولیس پنجاب اور متعلقہ سینئر افسران نے ملاقات میں شرکت کی۔ اہم ملاقات کے دوران پنجاب میں مدارس و مساجد کی تنظیم اور دیکھ بھال کے بارے میں تفصیلی مشاورت کی گئی۔ انتظامی افسران نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب صوبے میں کسی بھی مسجد کو بند کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی کسی بھی مسجد میں نماز و عبادات میں خلل نہیں آئیگا۔ انتظامیہ نے یقین دہانی کروائی کہ حکومت پنجاب کسی مسجد کو بند نہیں کریگی بلکہ صرف ا±ن مدارس کیخلاف کارروائی ہوگی جو کسی شرپسندی میں ملوث ہوں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اہل سنت وجماعت علماءنے کہا کہ پنجاب میں تمام مکاتب فکر کو مذہبی آزادی حاصل ہے اور مسائل کے حل کے حوالے سے پنجاب حکومت کا طرز عمل حوصلہ افزا ہے۔ فریقین نے اتفاق کیا کہ ظلم اور فتنہ کی بیخ کنی کیلئے باہمی سطح پر موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر حکومتی نمائندوں نے یقین دہانی کروائی کے حکومت صرف جرم اور فتنہ کے خلاف ہے، کسی مذہب یا مسلک کے خلاف ہرگز نہیں۔ ملاقات کے اختتام پر فریقین نے باہمی رابطے میں تسلسل پر اتفاق کیا۔
کسی بھی مسجد کو بند کرنے کا ارادہ نہیں. پنجاب حکومت کی علماءکو یقین دہانی


















