اسلام آباد،واشنگٹن :(بیورورپورٹ)آئی ایم ایف کےساتھ سٹاف لیول معاہدہ طے،ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو 1.2ارب ڈالر ملیں گے،حکام نے قرض پروگرام پر مکمل عملدرآمد کی یقین دہانی کرادی۔
عالمی مالیاتی فنڈ کے اعلامیے میں کہا گیا پاکستان کو ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلیٹی (EFF) کے تحت تقریباً ایک ارب ڈالر ، ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فسیلیٹی (RSF) کے تحت 20 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے،پاکستان سماجی شعبے کے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہا ،بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام فنڈز میں اضافہ کرکے غربت میں کمی کےلئے اہم اقدامات کیے گئے،تعلیم، صحت و معاشی اصلاحات کے شعبوں میں وفاق و صوبوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا گیااقتصادی پروگرام مستحکم ،مارکیٹ کااعتماد بحال ،کرنٹ اکاو¿نٹ 14سال بعد پہلی بار سرپلس ،افراط زر قابو ،زرمبادلہ ذخائر بہتر،معاشی نمو 3.25سے 3.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان نے ٹیکس اصلاحات پر عملدرآمد و پالیسی سطح پر اقدامات تیز کیے ، وفاق ،صوبوں کے درمیان ٹیکس نیٹ بڑھانے ،ریونیو میں اضافے کےلئے تعاون پر زور دیا گیا،پاکستان میں افراط زر کو 5 سے 7 فیصد کے دائرے میں رکھنے اور زرمبادلہ ذخائر مستحکم بنانے کےلئے اقدامات جاری ہیں ،سٹیٹ بینک سخت مالیاتی پالیسی برقرار رکھنے کےلئے پرعزم ہے۔
آئی ایم ایف نے کہاپاکستان کو سرکلر ڈیٹ میں کمی، بجلی نقصانات کم اور تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے اہداف حاصل کرنا ہوں گے،زرعی شعبے میں حکومتی مداخلت کم ، پیداوار بڑھانے اور عالمی تجارت کے فروغ کےلئے نئی ٹیرف پالیسی اپنانا ہوگی،حالیہ سیلاب نے لاکھوں افراد کو متاثر کیا، ایک ہزار سے زائد اموات ہوئیں، فصلوں و مکانات کو شدید نقصان پہنچا،ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے کےلئے جامع اصلاحات ، پالیسیوں پر تسلسل کےساتھ عملدرآمد ضروری ہے۔
اعلامیے میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کےلئے اقدامات تیز ، آبی وسائل کے بہتر استعمال اور توانائی اصلاحات کے تسلسل پر بھی زور دیا گیا ، آئی ایم ایف مشن نے پاکستان میں سیلاب کے نقصانات پر گہرے دکھ و ہمدردی کا اظہار اور حکومت پاکستان کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا سٹاف لیول معاہدہ پاکستان کے میکرو اکنامک اشاریوں ،تیزی سے بہتر ہوتی معاشی صورتحال ،معاشی ترقی کی شرح ، ادارہ جاتی اصلاحات پر اطمینان اورحکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے،شہبازشریف نے کہاوزیر خزانہ، وزیر مملکت ، وفاقی سیکرٹری اور تمام ٹیم تحسین کی مستحق ہے ،معیشت درست سمت گامزن ہے،ملکی ترقی و خوشحالی کےلئے تمام تر اقدامات اٹھائیں گے۔
آئی ایم ایف کےساتھ سٹاف لیول معاہدہ ،حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے،وزیراعظم

















