IMF کےساتھ رواں ہفتے سٹاف لیول معاہدہ متوقع ہے:وزیر خزانہ

واشنگٹن:(خواجہ فاروق)وزیر خزانہ سینیٹر اورنگزیب نے کہا ہے مذاکرات حتمی مراحل میں داخل ہوگئے، آئی ایم ایف کےساتھ رواں ہفتے سٹاف لیول معاہدہ متوقع ہے۔

رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اورنگزیب نے کہا آئی ایم ایف مشن کےساتھ مذاکرات مثبت و تعمیری مذاکرات رہے، سٹاف لیول معاہدے کے بعد 1.24 ارب ڈالر کی نئی قسط جاری ہوگی، معاہدہ رواں ہفتے مکمل ہونے کی توقع ہے، پاکستان رواں سال کے آخر تک پہلا گرین پانڈا بانڈ جاری کرے گا، اگلے سال عالمی مارکیٹ میں کم از کم ایک ارب ڈالر کے بانڈ اجرا کا منصوبہ ہے،یورو، ڈالر، سکوک سمیت تمام آپشنز زیر غور ہیں، حکومت نجکاری کے عمل میں تیزی لائے گی۔

وزیر خزانہ نے کہا پی آئی اے،3بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی فروخت میں پیشرفت ہوئی ،قومی ائیر لائن کےلئے 5ملکی و مقامی سرمایہ کار گروپس کی دلچسپی ہے، پی آئی اے کی فروخت سے 2 دہائیوں بعد بڑی نجکاری متوقع ہے۔

دریں اثنا مختلف ملاقاتوں و تقریبات سے خطاب کے دوران سینیٹر اورنگزیب نے کہاموسمیاتی تبدیلیاں پاکستان کےلئے بڑے وجودی خطرے کی صورت اختیار کر چکیں ،حالیہ تباہ کن سیلاب نے ،زراعت ،معاشی نمو پر گہرا اثر ڈالا، اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد جاری رہے گا،موسمیاتی موافقت ،تخفیف کےلئے سرمایہ کاری بڑھانے کی ضرورت ہے،کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل اور زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں،امریکہ کےساتھ کامیاب ٹیرف معاہدہ خوش آئند ہے،ملکی ترقی کیلئے نجی شعبے کو قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا، پاکستان تیزی سے ڈیجیٹل اختراع اور مالیاتی خدمات کا ابھرتا ہوا مرکز بن رہا ہے ،حکومت بینک کی تجاویز پر غور کرے گی۔