لاہور (سٹا ف رپورٹر) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے گنڈا پور کی وزارت اعلیٰ دو گھریلو خواتین کی لڑائی کی نذر ہوگئی جبکہ خیبرپختونخوا کا نیا وزیر اعلیٰ پرچی نہیں بلکہ فرشی ہے جو سلام کر کر کے وزیر اعلیٰ بنا ،عثمان بزدار کو بیگم کے کہنے پر لگایا گیا جبکہ گنڈا پور کو باجی کے کہنے پر ہٹایا گیا، جو اس جماعت کی سیاسی حقیقت کو بے نقاب کرتا ہے،کے پی میں جعلی الیکشن ہوا، ایک وزیراعلیٰ کا استعفیٰ منظور نہیں ہوا اور دوسرا منتخب کرلیا گیا، سہیل آفریدی نے صرف بڑھکیں ماریں، صوبے کی ترقی پر کوئی بات نہیں کی، پنجاب کے ہر ترقیاتی منصوبے میں جنوبی پنجاب کو برابر کا حصہ دیا جاتا ہے ، مریم نواز کے نزدیک نہ کوئی وسطی ہے نہ جنوبی پنجاب بلکہ صرف ایک پنجاب ہے، پنجاب اسمبلی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا پنجاب حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا سروے تقریبا مکمل کر لیا ہے، بہت جلد متاثرہ خاندانوں کو مالی امداد کی فراہمی کا عمل شروع کیا جا رہا ہے، جنوبی پنجاب میں بحالی کے کام تیزی سے جاری ہیں جبکہ صوبے میں ستھرا پنجاب فلیگ شپ پروگرام بھرپور انداز میں چل رہا ہے، بچوں کی صحت میں بہتری کےلئے جنوبی پنجاب میں میل پروگرام بھی موثر انداز میں جاری ہے،اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت جنوبی پنجاب میں مجموعی طور پر 87,425گھروں کےلئے قرضے فراہم کیے گئے ،صوبائی وزیرنے واضح کیا اس وقت جب بارڈر پر حالات کشیدہ ہیں اور افغانستان سے دراندازی کی کوششیں ہو رہی ہیں، کسی بھی صوبے پر سیاسی چڑھائیاں انتہائی غیر ذمے دارانہ عمل ہے، پاکستان کے اندر کوئی حالات خراب کرنے یا دہشت گردی کےلئے دوسرے ملک کی سرزمین استعمال کرے یہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کےلئے مکمل طور پر تیار ہے، لوگوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، سڑکیں بند کرنا اور عوام کو تکلیف دینا ناقابل قبول ہے۔
کے پی کا نیا وزیر اعلیٰ پرچی نہیں فرشی، گنڈا پور کو باجی کے کہنے پرہٹایا گیا: عظمیٰ بخاری

















