گنڈا پور کااستعفیٰ مل گیا،فیصل کریم کنڈی کی فوری منظور کرنے سے معذرت
پشاور:(بیورورپورٹ)علی امین گنڈا پور کااستعفیٰ گورنر کو مل گیا،فیصل کریم کنڈی نے فوری منظور کرنے سے معذرت کرلی،استعفیٰ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے انسداد بدعنوانی بریگیڈیئر (ر)مصدق عباسی گورنر ہاﺅس لےکرگئے اورکیئرٹیکر کے حوالے کیا ،کیئر ٹیکر نے استعفیٰ وصول کرکے رسید بھی دی،رسید پر دوپہر اڑھائی بجے کا وقت درج ہے۔
دوسری جانب گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا استعفے پر 11 اکتوبر کی تاریخ درج ہے،آئین ،متعلقہ قوانین کے مطابق جانچ پڑتال اور قانونی تقاضوں کی تکمیل کے بعدعملدرآمد ہوگا،گورنر ہاوس تمام آئینی و قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے معاملے کو شفاف اور منظم انداز میں آگے بڑھائے گا،استعفیٰ منظور کیے جانے تک علی امین گنڈا پور وزیراعلیٰ رہیں گے۔
ادھر ذرائع کے مطابق ابتدائی قانونی کارروائیاں مکمل کر لی گئیں تاہم گورنر نے معاملے پر حتمی آئینی رائے کیلئے قانونی ماہرین کو پیر کے روز مشاورت کیلئے بلا لیا،ملاقات میں آئینی تقاضوں، ممکنہ پیچیدگیوں و آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائےگا۔
دوسری جانب گورنر کی جانب سے استعفیٰ منظور نہ کرنے کی صورت میں پی ٹی آئی نے متبادل پلان کی تیاری کر لی،لیگل ٹیم نے تمام موجود آپشنز قیادت کو بتا دیئے،ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے پاس قانون میں دوسرے راستے موجود ہیں، گورنر منظور نہ بھی کرے تو علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور تصور ہوسکتا ہے، علی امین گنڈاپور نے لکھ کر اور زبان سے بول کر کہہ دیا تو کافی ہے،ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کے مطابق آرٹیکل 130 کلاز 8 میں استعفے کا طریقہ کار واضح ہے، آرٹیکل میں صرف استعفیٰ گورنر کو بھیجنے کا کہا گیا ، منظوری کا کچھ نہیں لکھا گیا ۔
ذرائع کے مطابق آپشن کے تحت پی ٹی آئی خیبرپختونخوا اسمبلی میں قرارداد کے ذریعے علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ منظور کرائے گی، اسمبلی میں قرارداد پیش کی جائے گی، قرارداد پر علی امین گنڈاپور سے دستخط لئے جائیں گے، علی امین گنڈاپور کے دستخط کے بعد استعفیٰ منظور تصور ہوگا،قرارداد کے ذریعے استعفیٰ منظور ہونے کے بعد سہیل آفریدی کی بطور وزیراعلیٰ تعیناتی کا عمل شروع ہو جائےگا۔
دریں اثنا نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس 13 اکتوبر کی صبح 10بجے طلب کرلیا گیا ،اسمبلی سیکرٹریٹ نے نئے شیڈول کا باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا ،اعلامیے کے مطابق اجلاس میں نئے قائد ایوان کا انتخاب کیا جائے گا۔
ادھر پی ٹی آئی نے اپنا وزیراعلیٰ لانے کیلئے سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کردئیے ، وفد نے جے یو آئی کے مرکز پہنچ کر قائدین سے ملاقات کی اور سہیل آفریدی کیلئے حمایت مانگ لی۔

















