پیپلز پارٹی مریم نواز کے بیانات پر بدستور ناراض ،قومی اسمبلی سے واک آﺅٹ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) پیپلز پارٹی مریم نواز کے بیانات پر بدستور ناراض ،اسمبلی سے واک آﺅٹ،صحافیوں نے بھی بائیکاٹ کردیا۔

سپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا،پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا ایوان سے بطور احتجاج واک آوٹ کرتے ہیں، آن گراونڈ حالات جوں کے توں ہیں اور کوئی تبدیلی نہیں آئی، ایوان کا حصہ نہیں بن سکتے جب تک حالات تبدیل نہیں ہوتے،بعد ازاں حکومتی ارکان پیپلز پارٹی کے رہنماوں کو منا کر واپس قومی اسمبلی اجلاس میں لے آئے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا مذکرات ہی مسائل کا واحد حل ہیں، تمام معاملات افہام وتفہیم سے حل ہوسکتے ہیں، ایک دوسرے پر الزام تراشی کسی کے لئے بھی فائدہ مند نہیں،بعدازاں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی تقریر کے بعد قومی اسمبلی اجلاس پیر کی شام 5 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

دریں اثنا نیشنل پریس کلب میں پولیس دھاوے کےخلاف صحافیوں کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے واک آوٹ کردیا گیا، پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (پی آر اے پاکستان) نے قومی اسمبلی اجلاس کے دوران پریس گیلری سے واک آوٹ کیا،اس موقع پر کہا گیا پی آر اے پاکستان نیشنل پریس کلب اسلام آباد پر پولیس کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے، صدر پی آر اے پاکستان ایم بی سومرو اور سیکرٹری نوید اکبر کی قیادت میں واک آوٹ جاری ہے، نیشنل پریس کلب پورے ملک کا نمائندہ قومی پریس کلب ہے، صحافیوں پر تشدد اور آئے روز ایسے واقعات معمول بنتے جارہے ہیں۔