مخصوص نشستیں کیس، عدالت کو آئین دوبارہ لکھنے کا اختیار نہیں، سپریم کورٹ
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)عدالت کو آئین دوبارہ لکھنے کا اختیار نہیں، سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں کے کیس کا47صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیا،جسٹس جمال مندوخیل ،علی مظہر نے وجوہات تحریر کیں، جسٹس عائشہ اے ملک ،عقیل عباسی کا اختلافی ،صلاح الدین پنہور کی سماعت سے الگ ہونے کی وجوہات پر الگ نوٹ بھی شامل ہے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا نظر ثانی اپیل صرف آئینی بنچ ہی سن سکتا ہے، 13 رکنی آئینی بنچ کے سامنے نظر ثانی درخواستیں سماعت کےلئے مقرر کی گئیں، 11 ججوں نے فریقین ،اٹارنی جنرل ایڈووکیٹ جنرلز کو بھی نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا، بنچ کے 2اراکین نے مختلف رائے دیتے ہوئے نظر ثانی اپیلیںمسترد کر دیں، 2ججز نے حتمی فیصلہ سنا کر مزید کارروائی میں حصہ نہیں لیا۔
سپریم کورٹ نے تفصیلی فیصلے میں کہا مخصوص نشستوں کے کیس میں 7 غیر متنازع حقائق ہیں، سنی اتحاد کونسل کی حد تک مرکزی فیصلے میں اپیلیں متفقہ طور پر خارج ہوئیں وہ مخصوص نشستوں کی حق دار نہیں، مرکزی فیصلے میں پی ٹی آئی کو ریلیف دےدیا گیا جبکہ وہ فریق ہی نہیں تھی، پی ٹی آئی اگر چاہتی تو بطور فریق شامل ہو سکتی تھی مگر جان بوجھ کر ایسا نہیں کیا گیا، پی ٹی آئی کیس میں کسی بھی فورم پر فریق نہیں بنی، مرکزی فیصلے میں ملا ریلیف برقرار نہیں رہ سکتا،80 آزاد امیدواروں میں سے کسی نے بھی دعویٰ نہیں کیا پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں یا مخصوص نشستیں ملنی چاہئیں، الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو دیں، مرکزی فیصلے میں جماعتوں کو بغیر سنے ڈی سیٹ کرنا قانون و انصاف کے تقاضوں کےخلاف تھا، مکمل انصاف کا اختیار استعمال کر کے پی ٹی آئی کو ریلیف نہیں دیا جاسکتا تھا، آرٹیکل 187 کا استعمال کیس میں نہیں ہوسکتا۔
تحریری فیصلے میں سپریم کورٹ نے کہا افسوس کےساتھ کہنا پڑ رہا ہے سنی اتحاد کونسل ،چیئرمین کا کنڈکٹ قابل ستائش نہیں تھا، سنی اتحاد کونسل کے وکیل نے 2دن ابتدائی دلائل دئیے اور کیس میں تاخیر پیدا کرنے کیلئے 2 درخواستیں دیں، مخصوص نشستوں کے کیس کو پریس نے بہت توجہ دی حالانکہ قانون بالکل واضح ہے اور کیس آسان تھا، سنی اتحاد کونسل نے نظرثانی دائر ہی نہیں کی، سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی تو کہتے رہے ہار میں بھی میری جیت ہے۔
فیصلے میں کہا گیا پی ٹی آئی سپریم کورٹ،پشاور ہائیکورٹ نہ ہی الیکشن کمیشن میں فریق تھی، پی ٹی آئی کے جن امیدواروں کو ریٹرننگ افسروں نے آزاد قرار دیا اس فیصلے کےخلاف سپریم کورٹ یا ہائیکورٹ سے رجوع نہیں کیا گیا، سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہیں نہیں کہا پی ٹی آئی الیکشن نہیں لڑسکتی،چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سمیت کچھ امیدواروں نے پی ٹی آئی کی طرف سے الیکشن لڑا، 2024 کے عام انتخابات میں بڑے بڑے نامور وکلا نے پی ٹی آئی کی طرف سے الیکشن لڑا، تعجب ہے نامور وکلا میں سے کسی وکیل نے بھی آزاد قرار دینے کے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو چیلنج نہیں کیا۔
تفصیلی فیصلے میں کہا گیا پی ٹی آئی امیدواروں نے غلط سمجھا آزاد قرار دےدیا گیا، پی ٹی آئی کے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار سپریم کورٹ فیصلے کو غلط سمجھنے کے برابر کے ذمہ دار ہیں، سپریم کورٹ مکمل انصاف 184 کے تحت کرسکتی ہے، مکمل انصاف کے نام پر اس فریق کو ریلیف نہیں دیا جاسکتا جو مقدمے میں فریق ہی نہ ہو، سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں کے مرکزی کیس فیصلے میں پی ٹی آئی کو وہ ریلیف دیا جس کااختیار ہی نہیں تھا،مخصوص نشستوں کے کیس میں اکثریتی ججز کا اقلیتی ججوں کو نکال کر اپنے طور پر خصوصی بنچ تشکیل دینا غیر قانونی ہے ایسی کوئی مثال بھی نہیں ملتی، آئین میں دی ہوئی ٹائم لائن تو پارلیمنٹ آئینی ترمیم کے ذریعے ہی تبدیل کر سکتی ہے۔
سپریم کورٹ نے کہا آئین میں دی گئی واضح ٹائم لائنز کو تبدیل کرنا اختیارات کی تقسیم کی تکون کے نظرئیے کےخلاف ہونے کےساتھ عدلیہ کا حدود سے تجاوز بھی ہے،سپریم کورٹ کو اختیار کسی نے نہیں دیا تشریح کرتے کرتے آئین کو ہی دوبارہ تحریر کر ڈالے، سپریم کورٹ یا کسی جج کو قطعی اختیار نہیں اپنی پسند یا ناپسند کی بنیاد پر آئین کی تشریح کرے۔

















