وفاق وفد افغانستان بھیجنے کا فیصلہ کرے ورنہ جرگہ جانے کو تیار ہے، کے پی حکومت


پشاور:(بیورورپورٹ )مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف نے کہا ہے وفاق جلد افغانستان کےساتھ بات چیت کےلئے وفد بھیجنے کا فیصلہ کرے بصورت دیگر خیبر پختونخوا حکومت کا جرگہ جانے کےلئے تیار ہے۔

بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا خیبر پختونخوا دہشتگردی کےخلاف فرنٹ لائن پر ہے، سارا بوجھ صوبائی حکومت نے اٹھایا ہوا ہے،صوبے کی قربانیوں کے باعث باقی ملک آگ سے محفوظ ہے، وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے ،اہم مسئلے کو سنجیدگی سے دیکھے۔

مشیر اطلاعات کے پی نے کہا ہر چیز پر سیاست نہیں کی جا سکتی، افغانستان کو نظر انداز کرنا بڑی غلطی ہے،انسانی زندگیوں کا معاملہ ہے، وفاق یا تو خود افغانستان سے رابطہ کرے یا خیبر پختونخوا کو اجازت دے اگر دہشتگردی کی آگ خیبر پختونخوا سے باہر پھیلی تو پورا ملک لپیٹ میں آجائے گا۔