عمران کی ہدایت کو کارکن مقدس سمجھتے ہیں، 9 مئی کیس کاتفصیلی فیصلہ

لاہور،راولپنڈی:(کورٹ رپورٹر،بیورورپورٹ)کوئی شک نہیں عمران خان کی ہدایت کو کارکن مقدس سمجھتے ہیں،انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کو جج کے سکواڈ کی گاڑی جلانے کے کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

جج منظر علی گل نے 125 صفحات کا تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے صنم جاوید، صدیق، طیب علی، سید فیصل اختر ،ظریف خان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے،عدالت نے سزا کے روز پیش نہ ہونے پر خدیجہ شاہ سمیت 14 مجرموں کی گرفتاری کا حکم دےدیا۔

تفصیلی فیصلے میں کہا گیاعمر سرفراز چیمہ، یاسمین راشد، میاں محمود الرشید ، اعجاز چودھری کو مجموعی طور پر 48 برس قید کی سزائیں سنائیں، مجرموں کو تمام سزائیں ایک ساتھ کاٹنا ہوں گی، ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا،شاہ محمود قریشی کا کیس مختلف ہے،سابق وفاقی وزیر نے ثابت کیا موقع پر موجود نہیں تھے۔

عدالت نے کہابانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد سوشل میڈیا پراحتجاج کیلئے اکسایا گیا، یاسمین راشد سمیت تمام ملزموں نے ٹارگٹ کے حصول کیلئے پوری کوشش کی، کوئی شک نہیں پی ٹی آئی کارکن بانی عمران خان کی ہدایت کو مقدس سمجھتے ہیں اور پی ٹی آئی کے کارکن بانی چیئرمین کو ریڈلائن و روحانی شخصیت گردانتے ہیں۔