گندم کی کمی نہیں، سیلاب کے نام پر بہانہ بنا کر لوگوں کو تکلیف دینا قبول نہیں: عظمیٰ بخاری

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے پنجاب میں گندم کی کمی نہیں ، سیلاب کے نام پر یا کسی بھی آفت کو بہانہ بنا کر لوگوں کو تکلیف دینا کسی صورت قابل قبول نہیں، جس کے پاس گندم کے ذخائر ہیں وہ 3 روز میں ڈکلیئر رجسٹر کرائے ورنہ قانون حرکت میں آئے گا،پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا پنجاب بھر میں کہیں بھی گندم کی قلت کا سامنا نہیں، گندم اور روٹی کی سرکاری قیمت پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، خانیوال میں ڈی جی فوڈز کو معطل کردیا گیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب فوڈ ڈیپارٹمنٹ کی روایتی سستی پر بہت ناراض ہیں، فلور ملز مالکان سے بات چیت کریں گے،چینی کی قیمت کا معاملہ وفاقی حکومت سے جڑا ہوتا ہے، اگر کوئی شخص چینی سے محروم رہ جائے تو فرق نہیں پڑتا، روٹی امیر غریب سب کو چاہیے ہوتی ہے، ریلیف کیمپوں میں سیلاب متاثرین کو ہر قسم کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے،صوبائی وزیر نے سوال کیا گندم کے معاملے پر سیاست کیوں کی جارہی ہے؟ کسی دوسرے صوبے کو گندم درکار ہے تو پاسکو سے رابطہ کیا جاسکتا ہے، فاشسٹ اور فساد گروپ کی پر زور مذمت کرتی ہوں، صحافی کے ساتھ غنڈا گردی کر کے وہ جماعت فساد پارٹی ثابت ہو گئی اگر کوئی آپ سے آپ کی مرضی کا سوال نہ پوچھے تو وہ صحافی نہیں، اس طرح کے رویوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی کا یہی رویہ سینٹ الیکشن میں نظر آیا، اب ان کو مرضی کے امپائر نہیں ملے تو کہتے ہیں الیکشن نہیں لڑ رہے، رانا ثنا پر سزائے موت کے مقدمے بنائے گئے، وہ سیاسی انتقام کی ایک واضح مثال ہیں۔