”تسلسل “کا فیصلہ،5یا 10برس کا تعین آئین کے مطابق ہوگا،رانا ثنا

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)مشیر وزیراعظم رانا ثنانے کہا ہے ملک میں”تسلسل“کا فیصلہ ہوگیا،5یا10برس کا تعین آئین کے مطابق ہوگا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہا فیصلہ مری میں ن لیگی قیادت کی اہم بیٹھک میں کیا گیا،سب کچھ آئین کے مطابق ہی ہوگا،کچھ لوگوں کو شک تھا لیکن ہمیں پہلے سے ہی علم تھا،نئے ڈیمز کی تعمیر پر اتفاق رائے سے آگے بڑھنا چاہیے، ناممکن کچھ بھی نہیں، تمام سیاسی جماعتیں بیٹھیں اوراتفاق رائے پیدا کریں،کالا باغ پر قرارداد پاس ہوئی ہے تو موسمیاتی تبدیلی کے بعد دوبارہ بھی قراردادیں آسکتی ہیں۔

مشیر وزیراعظم نے کہا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات بالکل ہونی چاہیے، گنڈا پور بانی کو سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کیلئے قائل کرسکتے ہیں تو اچھی بات ہے، کینالز معاملے کے بعد سی سی آئی میٹنگ میں گنڈاپور نے کالاباغ ڈیم کی بات کی تھی، صورتحال کا تب کسی کو اندازہ نہیں تھا اب بخوبی ہوگیا۔

رانا ثنا نے کہا بانی پی ٹی آئی کی شدید خواہش تھی ملک میں صدارتی نظام آجائے، ہوسکتا ہے علی امین گنڈاپور نے بانی کی خواہش پر بیان دیا ہو، میرا ذاتی خیال ہے صدارتی نظام کی گنجائش نہیں ، موجودہ صورتحال میں صدارتی نظام کے ایشو پر بات نہیں کرنا چاہتے، اتفاق رائے سے کچھ بھی ہو تو اچھی بات ہے لیکن یکطرفہ کچھ نہیں ہونا چاہیے۔