لاہور (کامرس رپورٹر) ماہرین کے مطابق بد ترین سیلاب سے مختلف فصلوں ، گندم کے ذخیرے ، لائیو سٹاک اورپولٹری فارمز تباہ ہونے سے قیمتوں میں 30 سے 150 فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔چیئرمین پاکستان کسان اتحاد خالد حسین باٹھ نے انکشاف کیا ہے کہ تقریباً 30 سے 35 ہزار گاﺅں سیلاب کی نذر ہوچکے ہیں جبکہ 20 سے 25 لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کپاس، دھان، تل ، مکئی اور چارہ کی فصل کو 50 فیصد تک نقصان پہنچا ہے،اس نقصان سے ان اجناس کی قیمتوں میں 100 فیصد تک اضافے کا خدشہ ہے جبکہ مارکیٹ میں قلت پیدا ہونے کا بھی امکان ہے۔خالد حسین باٹھ کے مطابق سب سے بڑا بحران گندم اور آٹے کا آنے والا ہے، چند دنوں میں گندم کی قیمت 2100 روپے سے بڑھ کر 3500 روپے فی من تک جا پہنچی ہے اور مزید اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ گندم کی نئی فصل آنے میں ابھی تقریباً 8 ماہ باقی ہیں۔ سیلاب کے باعث لوگوں کا ذخیرہ کیا ہوا اناج بھی خراب ہوگیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ملک میں گندم کا قحط پڑ سکتا ہے اور روٹی کی قیمت 30 سے 40 روپے تک جا سکتی ہے۔ چاول کی تیار فصل کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، نقصان کے بعد مارکیٹ میں چاول کے نرخ 700 سے 800 روپے فی من تک بڑھ گئے ہیں۔ اسی طرح مال مویشیوں کے بڑے پیمانے پر نقصان کے باعث گوشت، دودھ، انڈے اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال نے سبزیوں کی فصل کو بھی بری طرح متاثر کیا ہے،خاص طور پر ٹماٹر کی پیداوار شدید متاثر ہوئی۔ ایک ہفتے میں ٹماٹر کی قیمت 18 روپے فی کلو بڑھ گئی اور اوسط قیمت 140 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی۔ ٹماٹر کی قیمت میں تقریباً 15 فیصد اضافہ عام صارفین کیلئے تشویش کا باعث بن گیا ہے۔چکن مارکیٹ بھی سیلاب کے اثرات سے محفوظ نہیں رہی۔
بدترین سیلاب سے اجناس کی قیمتوں میں 100 فیصد تک اضافے کا خدشہ

















