لاہور (قمر عباس )پی ایچ اے کا آمدنی میں اضافے کیلئے رواں مالی سال کے آغاز میں شاپ بورڈ ٹیکس نا دہندہ کے خلاف کریک ڈاﺅن، شعبہ مارکیٹنگ کا نوٹس جاری، پہلے مرحلہ میں ملکی اور غیر ملکی برانڈزکے آوٹ لیٹس سربمہر لاکھوں روپے کی آمدنی وصول کر لی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق مالی سال 2023-24میں پی ایچ اے لاہور کی جانب سے ذاتی وسائل سے آمدنی ٹارگٹ 2.32ارب روپے رکھا گیا جس کے نتیجہ میں اتھارٹی کے ذاتی وسائل جس میں ڈیجیٹل سکرینز ایل ای ڈی سٹیمرز شاپ بورڈ کمرشل نرسریز وغیرہ سے ٹارگٹ سے زائد آمدنی حاصل کرتے ہوئے 2.35ارب روپے آمدنی کی گئی تھی اس کے بعد مالی سال 2024-25کیلئے مالی ہدف کو 3ارب کر دیا گیا۔ پی ایچ اے لاہور کی جانب سے آمدنی میں اضافہ کی خاطر شاپ بورڈز ٹیکس کولیکشن کو موثر اور کرپشن فری بنانے کیلئے آﺅٹ سورس کیا گیا جس کے نتیجہ میں اتھارٹی کو شاپ بورڈ ٹیکس کولیکشن سے 60ملین کی آمدنی ہو رہی تھی جبکہ آﺅٹ سورس کے بعد مبینہ طور پر 1.60ارب ہوئی جس کے نتیجہ میں 2024-25میں ہدف سے زائد آمدنی حاصل کی گئی تھی جس نجی کمپنی کے ساتھ اوٹ سورسنگ معاہدہ کیا گیا جو کہ جون 2025میں ختم ہونا تھا لیکن معاہدے کی خلاف ورزی پر نجی کمپنی سے معاہدہ یکم فروری 2025کو ختم کیا گیا جس میں پی ایچ اے حکام کے مطابق شاپ بورڈ ٹیکس کی مد میں 200ملین اکٹھے کئے گئے لیکن اتھارٹی کو مالیاتی اعداو شمار کی عدم فراہمی شہریوں سے توہین آمیز رویہ اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی بتایا گیا ہے۔ معاہدے کے خاتمے کے بعد اتھارٹی کی جانب سے بہتری کی خاطر منصوبہ بندی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آﺅٹ سورسنگ کے دوران پی ایچ اے شعبہ مارکیٹنگ کے افسران و ملازمین کی ملی بھگت سے ٹیکس کو لیکشن میں مبینہ کرپشن کی گئی تھی جس کی وجہ سے اس مد میں تقریباً 40کروڑ روپے کو خوردبرد کرنے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ اتھارٹی نے آﺅٹ سورسنگ میں ناکامی کے بعد جورواں مالی سال میں ماضی کی طرز پر شاپ بورڈٹیکس کی وصولی کا آغاز کیا گیا ہے جس میں ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈی جی ذیشان نصراللہ رانجھا کی سربراہی میں شاپ بورڈ ٹیکس کی عدم ادائیگی پر لاہور کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاون شروع کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر مارکیٹنگ کی جانب سے کارروائیوں کے دوران متعدد قومی و بین الاقوامی برانڈز کے آو¿ٹ لیٹس کو سربمہر کیا گیا ہے جن میں میکڈونلڈز، کے ایف سی، جلال سنز، باٹا، کیکس اینڈ بیکز سمیت کئی بڑے برانڈز شامل ہیں۔ ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد نے کہا کہ شاپ بورڈ ٹیکس کی عدم ادائیگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائیگی۔ پہلے مرحلے میں بڑے برانڈز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اور لاہور بھر میں شاپس بورڈز سے ٹیکس وصولی کے عمل کو مزید تیز کیا جا رہا ہے، نادہندگان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائیگی۔ ایڈیشنل ڈی جی ذیشان نصر اللہ رانجھا نے کہا کہ تمام نادہندگان کو پہلے نوٹس جاری کئے گئے تھے جس کے بعد ٹیموں کو کارروائی کیلئے متحرک کر دیا گیا ہے۔ شاپ بورڈ ریکوری کیلئے مربوط حکمت عملی پر عمل درآمد جاری ہے تاکہ شہر بھر میں شاپ بورڈ کے واجبات کی موثر وصولی ممکن بنائی جا سکے۔
آمدنی میں اضافے کیلئے پی ایچ اے کا بورڈ ٹیکس نا دہندہ کیخلاف کریک ڈاﺅن

















