غیرقانونی پارکنگ سٹینڈز عوام کیلئے وبال جان، بلدیہ عظمیٰ کے کارروائیوں کے بنیاد دعوے

لاہور (خبر نگار)بلدیہ عظمیٰ لاہور نے دعویٰ کیا ہے کہ مالی سال 2024-25 میں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز اور اوورچارجنگ کے خلاف ریکارڈ کارروائیاں کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق 933 مقدمات درج کیے گئے اور 61 غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز سیل کر دئیے گئے مگر حقیقت یہ ہے کہ انتظامیہ محدود اعداد و شمار کو بڑھا چڑھا کر اپنی کامیابی کے گیت گا رہی ہے۔ لاہور جیسے بڑے شہر، جو انتظامیہ کا مرکز ہے، اس میں اتنی بڑی تعداد میں غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کا چلنا اور ان پر دیدہ دلیری سے اوورچارجنگ کے ذریعے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنا کسی کامیابی نہیں بلکہ بدترین انتظامی ناکامی اور شرمندگی کا مقام ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن اور ڈپٹی ڈائریکٹر شہری سہولیات نے کارروائیاں کیں۔ جس کے مطابق سمن آباد زون میں 178، گلبرگ زون 189، راوی زون 59، علامہ اقبال زون 130، داتا گنج بخش زون 169، شالیمار زون 90، نشتر زون 94، واہگہ زون 19 اور عزیز بھٹی زون میں 5 مقدمات درج کروائے گئے۔ یہ تمام اعداد و شمار اپنی جگہ لیکن اصل کہانی اس سے کہیں زیادہ سنگین ہے۔ جب سے لاہور پارکنگ کمپنی وجود میں آئی ہے تب سے انفورسمنٹ کے اختیارات بلدیہ عظمیٰ کے پاس ہیں۔ مگر ایک دہائی سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز پر قابو نہ پایا جا سکا۔ اس کی بنیادی وجہ یہی بتائی جاتی ہے کہ انفورسمنٹ انسپکٹرز پارکنگ اپنی تعیناتی کیلئے لاکھوں روپے رشوت دیتے ہیں، جس کے بعد وہ مبینہ طور پر ہر ماہ لاکھوں روپے کماتے ہیں اور افسران کو بھی حصہ پہنچاتے ہیں۔ یہی وہ اصل رکاوٹ ہے جس نے غیر قانونی پارکنگ سٹینڈز کے مستقل خاتمے کو ناممکن بنا رکھا ہے۔ رہی بات ان کارروائیوں کے اعداد و شمار کی تو یہ سب پارکنگ کمپنی اور ایم سی ایل کے گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہیں۔ عوام کو ان کاغذی کارروائیوں سے ریلیف نہیں ملا۔ حقیقت یہ ہے کہ شہر کے ہر بڑے بازار، شاہراہ اور تجارتی مرکز پر آج بھی پارکنگ مافیا قابض ہے اور اوورچارجنگ شہریوں کیلئے روزانہ کا عذاب بن چکی ہے۔ یہ تمام صورتحال اس بات کا ثبوت ہے کہ غیر قانونی پارکنگ کے خاتمے کے بلند بانگ دعوے محض دکھاوا ہیں۔ انتظامیہ اپنی ناکامی کو اعداد و شمار کے ذریعے کامیابی کا رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہے، جبکہ عوام بدستور مافیا کے رحم و کرم پر ہیں۔