خواتین کے لباس پر نامناسب بیان، عظمیٰ بخاری نے غلطی کا اعتراف کرلیا
لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے خواتین کے لباس سے متعلق کیے گئے نامناسب تبصرے پر غلطی کا اعتراف کرلیا ،کچھ دن قبل وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس میں خواتین کے لباس سے متعلق بات کی تھی جس میں انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا جو مریم نواز کے لباس پر تنقید کرتے ہیں وہ اپنے گریبانوں میں جھانکیں جن کی اپنی امیاں کپڑے پہننا ہی مناسب نہیں سمجھتیں، نجی ٹی وی پروگرام میں اپنے بیان پر غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا وہ بھی ایک عورت ہیں اور سمجھ سکتی ہیں خواتین کو لباس سے متعلق کس طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور مجھے افسوس ہے میرے منہ سے ایسی بات نکلی، کیا مریم نواز کسی کی ماں یا بہن نہیں ہیں؟ میں بھی ایک ماں ہوں لیکن خواتین کو جو سر کے بالوں سے پیروں کے ناخن تک تنقید برداشت کرنی پڑتی ہے اس کا صبر بھی اکثر ختم ہوجاتا ہے،وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا ن لیگ کی خواتین کےخلاف باقاعدہ مہم چلائی جاتی ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے لباس پر تنقید اور ان کیلئے استعمال کیے جانے والے الفاظ بہت ہی غلط ہوتے ہیں، تنقید کرنے کے بجائے لوگ یہ کیوں نہیں دیکھتے وزیر اعلیٰ مریم نواز صوبے کےلئے کیا کررہی ہیں اور کیا کیا کر چکی ہیں اس پر بات کیوں نہیں کی جاتی، عظمیٰ بخاری نے سوال اٹھایا کیا یہ ضروری ہے ہمیشہ خواتین کے لباس پر ہی بات کی جائے؟

















