سیلاب متاثرہ علاقوں صحت و آبادی کی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں: عمران نذیر/ سلمان رفیق

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کی خود نگرانی کر رہی ہیں،وزیر اعلی پنجاب نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے ٹیم تشکیل دیدی ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر متاثرہ علاقوں صحت و آبادی کی ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔ محکمہ صحت و آبادی میں کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے جو دیگر اداروں سے مربوط روابط میں رہیگا تاکہ تازہ ترین سیلابی صورتحال سے آپ ڈیٹ رہا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے یہاں محکمہ صحت و آبادی میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں پنجاب میں سیلاب کی صورتحال، محکمہ صحت و آبادی کے ہیلتھ ٹیموں کی متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا- محکمہ صحت و آبادی کے اعلی افسران بھی موقع پر موجود تھے جبکہ اجلاس میں تمام اضلاع کے سی ای اوز ہیلتھ نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس میں قصور، وزیر آباد، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، اور مظفر گڑھ میں ریلیف کے کاموں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں افسران کو مختلف ذمہ دارایاں تفویض کی گئیں۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں موبائل فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویلز فراہم کر دیے گئے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت و آبادی نے خاص طور پر کرتار پور میں فیلڈ ہسپتال کی فراہمی بارے استفسارکیا- خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ محکمہ صحت و آبادی کی طرف سے ریلیف کیمپس بھی قائم کر دیے گئے ہیں اور ریلیف کیمپس میں طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے پنجاب بھر سے فیلڈ ہسپتال سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پہنچانے کی ہدایت کی اور کہا کہ فلڈ وارننگ والے اضلاع پر خصوصی فوکس کیا جائے۔ دوسری طرف چنیوٹ میں دریائے چناب کے کنارے حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیئے گئے ہیں۔صوبائی وزیر صحت و پاپولیشن و انچارج فلڈ کنٹرول فیصل آباد ڈویڑن خواجہ عمران نذیر اورصوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ خواجہ سلمان رفیق نے چنیوٹ کا دورہ کیا۔صوبائی وزراءنے دریائی علاقوں سے شہریوں کے تیز رفتار انخلاء پر ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور موقع پر موجود افراد سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں سیلابی خطرات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ڈی سی آفس میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع چنیوٹ کے87 دیہات سیلابی ریلے سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ33 ہزار کے قریب افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔متاثرہ آبادی کیلئے12 فلڈ ریلیف کیمپس مکمل طور پر فعال ہیں اور موجودہ سیلابی ریلا تاریخ کا سب سے بڑا سیلاب ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر صوبائی کابینہ کے تمام اراکین فیلڈ میں موجود ہیں اور متاثرین کی امداد کیلئے وزیراعلیٰ جلد خصوصی اعلان بھی کریں گی۔صوبائی وزراءنے کہا کہ میڈیا نمائندگان کی مثبت رپورٹنگ لائق تحسین ہے جبکہ ریسکیو1122 کا عملہ جانفشانی سے خدمات انجام دے رہا ہے۔ مشترکہ کاوشوں سے سیلابی صورتحال پر قابو پایا جائیگا۔