لاہور (خبر نگار)صوبائی دارالحکومت میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے معاملے پر بلدیہ عظمیٰ اور پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کے درمیان اختیارات کی کھینچا تانی شدت اختیار کر گئی۔ تاحال فیصلہ نہ ہو سکا کہ تجاوزات کے خاتمے کی ذمہ داری کس کے پاس ہے، اس ابہام نے صورتحال کو مضحکہ خیز بنا کر رکھ دیا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے تجاوزات کے خاتمے کیلئے پیرا فورس قائم کی گئی ہے مگر مشینری اور افرادی قوت کی عدم دستیابی کی وجہ سے یہ اتھارٹی ایم سی ایل کی مرہون منت ہو کر رہ گئی ہے، جو نئی قائم شدہ پیرا فورس کے ساتھ تعاون کرنے کے بجائے ہر قدم پر رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے۔ بلدیہ عظمیٰ لاہور نے اختیارات مکمل طور پر پیرا کو منتقل نہ ہونے کا بہانہ بنا کر تجاوزات کے خلاف کارروائی اپنے ہاتھ میں لے رکھی ہے، حالانکہ نئی اتھارٹی کے قیام کا مقصد ہی یہ تھا کہ پرانے نظام کی ناکامیوں کو ختم کیا جائے لیکن ایم سی ایل پرانے نظام کو بچانے اور اپنی اجارہ داری برقرار رکھنے کیلئے تجاوزات کے خلاف خود کار آپریشنز میں پوری طرح ملوث ہے۔ یوں لگتا ہے جیسے لاہور میں تجاوزات کے خلاف آپریشن عوامی مفاد کے بجائے اداروں کی انا اور کرسی کی جنگ میں پھنسا ہوا ہے۔ بلدیہ عظمیٰ پیرا کے ساتھ تعاون کرنے کے بجائے اسے کمزور بنانے کی حکمت عملی پر گامزن ہے، مذکورہ صورتحال کے باعث صوبائی دارالحکومت میں تجاوزات کے خلاف آپریشن ایک تماشے کی شکل اختیار کر گیا ہے۔
بلدیہ عظمیٰ، پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی میں اختیارات کی کھینچاتانی برقرار

















