سیلاب متاثرین کی مدد قومی فریضہ، وفاق اپنی ذمہ داری نبھا رہا ہے، عطاءاللہ تارڑ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد ہمارا قومی فریضہ ہے، وفاقی حکومت قومی ذمہ داری کے تحت اپنا کردار نبھا رہی ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے صوبائی حکومتوں سے مسلسل رابطے میں ہے، متاثرین کو امدادی سامان کی فراہمی اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا وزیراعظم کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں مون سون کی حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال سمیت خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے کام کر رہی ہے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے قومی سطح پر کوششیں کی جا رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، امدادی سامان اور ریلیف سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں۔ پاک فوج اور فلاحی ادارے بھی متاثرہ علاقوں میں سرگرم عمل ہیں۔ عطا تارڑ نے کہا وفاق کی جانب سے کے پی کے مختلف متاثرہ اضلاع میں مدد پہنچائی جارہی ہے لیکن کچھ صوبائی وزرا کے بیانات افسوسناک ہیں۔ بیرسٹر سیف فیلڈ میں جا کر وفاق کی سپورٹ دیکھیں۔